عمران خان کا سیاسی بیانیہ اور سیاست دفن ہو چکی ہے:مریم اورنگزیب

 عمران خان کا سیاسی بیانیہ اور سیاست دفن ہو چکی ہے:مریم اورنگزیب

اسلام آباد:وفاقی وزیراطلاعات  مریم اورنگزیب نے کہا  ہے کہ الیکشن چوری کرنے والے کو کیا پتا منصفانہ الیکشن کیا ہوتے ہیں ، عمران خان کا سیاسی بیانیہ اور سیاست دفن ہو چکی ہے، قومی سلامتی اور چارٹر آف اکانومی پر بیٹھنے کو تیار نہ ہونے والا اب بیٹھنے کو تیار ہے ۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیراطلاعات  مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف عوام کی فلاح کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، ہم اوورسیز پاکستانیوں کے پیسے کھانے والے نہیں، ہم نے اوورسیز پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں نمائندگی دی، الیکشن چوری کرنے والے کو کیا پتا منصفانہ الیکشن کیا ہوتے ہیں ۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق حاصل ہے، طریقہ کار الیکشن کمیشن طے کرے گا ۔

انہوں نے کہا عمران خان انقلاب کے نام پر اپنی سیاست چمکا رہا ہے ، عمران خان کا سیاسی بیانیہ اور سیاست دفن ہو چکی ہے، عمران خان 6دن میں واپس نہیں آئے گا کیوں کہ عوام ساتھ چھوڑ چکی ہے ۔ عمران خان صاحب !روزانہ اداروں اور سپریم کورٹ کو دھمکیاں نہ دیں ۔ قومی سلامتی اور چارٹر آف اکانومی پر بیٹھے کو تیار نہ ہونے والا اب بیٹھنے کو تیار ہے ، جو جلسہ نہیں کر سکا وہ لانگ مارچ کیا کرے گا ۔

 وزیراطلاعات نے بتایا کہ عمران خان نےکہا کہ ہم تیاری کے ساتھ نہیں آئے تھے،عمران خان کی تیاری صرف اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرنے پر تھی ۔۔ عمران خان کی خونی لانگ مارچ کی پوری تیاری تھی ۔ وزیر اطلاعات  نے کہاکہ خیبر پختونخوا اور وفاق کی پولیس کو آمنے سامنے کیا گیا،عوام نے ٹی وی سکرینز پر دیکھا کہ مارچ کے شرکاء اسلحہ لیے ہوئے تھے ۔۔ عمران صاحب!لانگ مارچ ناکام ہونے کے بعد نیوز کانفرنس نہیں کی جاتی ۔

وزیر اطلاعات نے کہا یہ  خیبرپختونخوا سے نکلے اور اسلام آباد پہنچ گئے، کون سی رکاوٹ تھی آپکے راستے میں؟عمران خان اپنے کارکنوں کے گھر تو گئے لیکن شہید پولیس اہلکاروں کے گھر کیوں نہیں گئے؟ ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ  اصل کہانی یہ ہے کہ عوام نے آپ کو مسترد کردیا ہے ۔ انقلاب کا نعرہ لگانے والے مسلح جتھوں کو عوام نے مسترد کیا ہے ۔ عمران صاحب!پٹرول مہنگا کرنے کا آئی ایم ایف سے معاہدہ آپ نے کیا تھا ۔

مریم اورنگز یب نے کہا پٹرولیم پر دی جانے والی سبسڈی کو آپ کے وزیر خزانہ نے مسترد کیا تھا عمران صاحب!عوام جو بوجھ آج بھگت رہی ہے یہ آپ کی نااہلی اور نالائقی کا نتیجہ ہے ۔ رینجرز اور پولیس کے 18اہلکار زخمی ہوئے لیکن ایک ربڑ کی گولی کا بھی استعمال نہیں کیا گیا ۔۔ آپ نے پولیس والوں پر تشدد کرایا، بلیو ایریا کے درختوں کو آگ لگوائی ۔