تصویریں جنہوں نے دنیا بدل دی

تصویریں جنہوں نے دنیا بدل دی

معروف جریدے "ٹائم" نے تصاویر کی ایک غیر معمولی فہرست جاری کرتے ہوئے 100 "تاریخ کی سب سے زیادہ اثر انگیز تصاویر" پیش کی ہیں۔

ماہرین، مورخین اور فوٹو ایڈیٹنگ کے شعبے سے وابستہ ماہرین نے دنیا بھر سے اپنی آرا بھیجی جس کے بعد یہ مجموعہ جاری کیا ہے۔ ان میں 19 ویں، 20 ویں اور 21 ویں صدی کے بہترین تصاویر شامل ہیں۔

1945ء میں دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپان کے شہر ناگاساکی پر پھینکے گئے ایٹم بم کے دھماکے سے اٹھنے والے کھمبی نما دھوئیں کی تصویر سے لے کر 1969ء میں بز ایلڈرن کی چاند پر قدم رکھنے کی تصویر تک، یہاں انسان کی تاریخ کے بدترین اور بہترین کارنامے یکجا ہیں۔

ٹائم میگزین کا کہنا ہے کہ کسی بھی تصویر کے بااثر ہونے کا کوئی فارمولا نہیں ہے۔ چند تصاویر محض اس لیے اس فہرست میں شامل ہیں کیونکہ وہ اپنی نوعیت کی اولین تصاویر تھیں، دیگر ایسی جنہوں نے ہماری سوچ کے زاویے بدلے۔ اور چند ایسی ہیں جنہوں نے براہ راست ہماری زندگیوں پر اثر ڈالا۔ البتہ ان تمام 100 تصاویر میں جو بات مشترک ہے وہ یہ کہ یہ ہمارے انسانی تجربے کے اہم موڑ کی ہیں۔

یہاں تمام 100 تصاویر دکھانا تو ممکن نہیں، وہ آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں لیکن چند بہت ہی اہم تصویریں آپ کو ضرور دکھائیں گے:

جنگ کا خاتمہ: 9 اگست 1945ء کو جاپان کے شہر ناگاساکی پر پھینکے گئے ایٹم بم کے بعد اٹھنے والا دھوئیں کا بادل۔ امریکا نے دوسری جنگ عظیم میں جاپان کے دو شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم پھینکے تھے جن سے ایک لاکھ 85 ہزار افراد مارے گئے تھے۔

بنی نوع انسان کی ایک بڑی جست: خلا باز بز ایلڈرن 20 جولائی 1969ء کو اپالو 11 مشن کے چاند پر پہنچںے کے بعد اس کی سطح پر چہل قدمی کر رہے ہیں۔ یہ تصویر نیل آرمسٹرونگ نے لی تھی۔

بچوں پر حملہ: 8 جون 1972ء کو ترانگ بانگ، ویت نام کے قریب امریکی فضائیہ کے ناپام بم حملے کے بعد جھلسے ہوئے دہشت زدہ بچے سڑک پر بھاگتے ہوئے۔

مساوات: امریکی کھلاڑی ٹومی اسمتھ اور جان کارلوس 1968ء کے میکسیکو سٹی اولمپکس میں وکٹری اسٹینڈ پر "بلیک پاور" کا نشان بناتے ہوئے، یہ امریکا میں اقلیتوں بالخصوص سیاہ فاموں کے ساتھ روا سلوک کے خلاف احتجاج تھا۔

جس نے دنیا کو ہلا دیا: ایک ترک پولیس افسر ساحل پر ایک بچے کی لاش کے قریب کھڑا ہوا ہے جس کی شناخت بعد میں ایلان کردی کے نام سے ہوئی جو 2 ستمبر 2015ء کو جنوبی ترکی کے شہر بودرم کے قریب شامی مہاجرین کی ایک کشتی ڈوبنے کے بعد جاں بحق ہوا تھا۔ اس تصویر نے دنیا بھر میں شامی مہاجرین کے مسئلے کو اجاگر کیا اور بعد ازاں لاکھوں مہاجرین کو یورپ میں داخلے کی اجازت ملی۔


عوام کی حالت: فرانسس اوون تھامسن نامی عورت امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے ہوبوکن میں اپنے بچوں کے ساتھ۔ 1936ء کی یہ تصویر امریکا کی عظیم کساد بازاری کے دوران عوام کی حالت کی عکاسی کرتی ہے۔


بدھ مظاہرہ: فوٹوگرافر میلکم براؤن نے ویت نام کے شہر سائیگون میں خودسوزی کرنے والے شخص تھیچ کوانگ ڈوک کی یہ تصویر لی تھی۔ اس نے حکومت کے بدھوں کے ساتھ رواں رکھے گئے سلوک کے خلاف مظاہرے میں اپنی جان دی۔


روس کی طاقت: سالوں تک جنگ اور لاکھوں اموات کے بعد امریکا، برطانیہ اور روس نے جرمن دارالحکومت برلن پر قبضہ کرلیا۔ روس کی سرخ فوج کا یہ سپاہی مشرقی برلن میں ایک عمارت پر سوویت یونین کا پرچم لہرا رہا ہے۔


گولی: یکم فروری 1968ء کو قومی پولیس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل نگوین نگوک لون نیشنل لبریشن فرنٹ کے نگوین وان لیم پر پستول تانے ہوئے



پہلی تصویر: 1826ء میں یہ تصویر جوزف نکیفور نیپکی نے لی تھی، جو پہلا معلوم فوٹوگراف ہے۔ یہ تصویر مشرقی فرانس میں لی گئی تھی۔

موت کا راج: امریکی خانہ جنگی 1861ء تا 1865ء میں یونین اور کنفیڈریشن دونوں طرف کے ساڑھے 7 لاکھ فوجی مارے گئے۔ اس خانہ جنگی کا بھیانک ترین دن معرکہ انٹیٹم تھا جو 1862ء میں ہوا۔ یہ تصویر الیگزینڈر گارڈنر نے لی تھی۔


ظلم کی انتہا: یہ عراق کو "آزادی" دلانے کی امریکی کوششوں کا چہرہ ہے، جسے ڈھک دیا گیا ہے۔ 2004ء بغداد کی ابوغریب جیل میں قیدیوں کے ساتھ سلوک کی تصاویر نے دنیا کو حیران کیا۔
ہمارا گھر: اپالو 8 خلائی مشن کے اراکین نے زمین کو اس وقت طلوع ہوتے ہوئے دیکھا جب وہ چاند کا چکر لگا رہے تھے۔ یہ تصویر 24 دسمبر 1968ء کو لی گئی تھی۔

ہٹلر کی آمد: ایڈولف ہٹلر 1934ء میں ہونے والی ایک عظیم الشان نازی ریلی میں آتے ہوئے۔