لندن، گورکن کے نام موت کا ’’آسکر ایوارڈ‘‘

لندن، گورکن کے نام موت کا ’’آسکر ایوارڈ‘‘

لندن: فلم انڈسٹری میں آسکر ایوارڈ دنیا کا سب سے بڑا اعزاز مانا جاتا ہے لیکن برطانیہ میں ایک گورکن کو موت کے ’’آسکر ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا ہے۔ برطانیہ میں مارٹن ہاس نامی گورکن آج کل سوشل میڈیا میں کافی مقبول ہے کیوں کہ وہ قبریں کھود کر سالانہ 25 ہزار پاؤنڈ تک کما لیتا ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 35 لاکھ روپے بنتے ہیں۔

مارٹن کی خاص بات یہ ہے کہ وہ دیگر گورکنوں کی طرح قبر کی تیاری میں مشینوں کا استعمال نہیں کرتا بلکہ اپنے ہاتھوں سے قبر تیار کرتا ہے کیوں کہ مشینوں کے استعمال سے اطراف کے جگہوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ برطانیہ میں قبرستان کے معاملات دیکھنے والی ایک کمیٹی نے مارٹن کو ملک کا سب سے بہترین گورکن قرار دیتے ہوئے اسے موت کے آسکر ایوارڈ سے نواز ہے۔

کمیٹی کے ارکان کا کہنا ہے کہ مارٹن جس طریقے سے قبر تیار کرتا ہے وہ سب سے زیادہ ماحول دوست ہے اس لیے اسے اس ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔ ایوارڈ سے نوازے جانے سے متعلق برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں مختلف شعبوں میں بہترین خدمات سرانجام دینے والوں کو ہر سال اسی طرح کے منفرد اعزازات سے نوازا جاتا ہے اور مارٹن کو بھی اسی قسم کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں