ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا امکان

ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا امکان

لاہور: کراچی میں مذہبی جماعت کے کارکنان کے احتجاج کے باعث اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی ہے۔ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ پر مذہبی جماعت کے کارکنان کے احتجاج کے باعث اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی ہے۔ دھرنے کی وجہ سے کراچی کی مصروف ترین شاہراہ پاکستان پر آئل ٹینکروں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

ترجمان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ پر دھرنے کی وجہ سے اندرون ملک تیل کی سپلائی رک گئی ہے۔ دوسری جانب سپلائی نہ ملنے سے لاہور میں پٹرول کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ جہاں پٹرول دستیاب ہے وہاں گاڑیوں میں ایک ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکلوں میں صرف 200روپے کا پٹرول ڈالا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق احتجاج ختم نہ ہونے کی صورت میں قلت شدید ہونے کا خدشہ ہے۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کمشنر لاہور کو پٹرول کی قلت کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔

اس حوالے سے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل خواجہ عاطف نے میڈیا کو بتایا کہ پٹرول کی آخری سپلائی جمعہ کی صبح کو آئی تھی۔ ہم نے کمشنر لاہور کو صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے کہ شہر میں پٹرول کی قلت ختم کرنے کیلئے کم از کم ایک راستہ کھلوایا جائے تاکہ ہم آئل ڈپو سے سپلائی منگو ا سکیں۔ دوسری صورت میں شہر میں آئندہ 36 گھنٹوں کے بعد پٹرول ختم ہو جائے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں