سی پیک تعمیر و ترقی چینی قیادت کی اولین ترجیح ہے : چینی سفیر

سی پیک تعمیر و ترقی چینی قیادت کی اولین ترجیح ہے : چینی سفیر


اسلام آباد :پاکستان میں نئے چینی سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ سی پیک کی تعمیر و ترقی چین اور چینی قیادت کی اولین ترجیح ہے ،سی پیک کی تعمیر و ترقی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں رکھا جائے گا ۔


مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک اعلیٰ قومی اہمیت کا منصوبہ ہے ، مجھے خوشی ہے کہ سی پیک پرکام تیزی سے تکمیل کی جانب جاری ہے ، پاکستانی عوام سی پیک کی ملکیت سے لطف اندوز ہونے کیلئے تیار رہیں ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پورے خطے کے لئے خوشحالی اور امن کامنصوبہ ہے۔


انہوں نے پاکستانی میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی میڈیا کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی ذرائع ابلاغ نے ہمیشہ چین کے مثبت کردار کو اجاگر کیا اور سراہا ہے ، سی پیک کے منصوبوں کی سائٹ اور اجلاس میں پاکستانی میڈیا کو مدعو کیا جانا چاہئے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ باقاعدہ سرکاری فرائض کی ادائیگی شروع کرنے کے بعد پاکستانی میڈیا سے باقاعدہ رابطہ استوار رکھیں گے،وہ پاک چین دوستی کو مزید استحکام بخشنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔