اپنے ملک کے دفاع کیلئے ہر قدم اٹھائیں گے، صدر مملکت

اپنے ملک کے دفاع کیلئے ہر قدم اٹھائیں گے، صدر مملکت
کیپشن: دہشتگردی کے خاتمے میں پاک فوج کا کردار قابل ستائش ہے، صدر مملکت۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 آج سے شروع ہو گئی ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نمائش کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا پاک فوج دہشتگردوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہماری معیشت بُری طرح متاثر ہوئی تاہم اپنے ملک کے دفاع کیلئے ہر قدم اٹھائیں گے اور ہمارے ہتھیار دفاع کیلئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں پاک فوج کےشہداپرفخرہے اور دہشتگردی کے خاتمے میں پاک فوج کا کردار قابل ستائش ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے ہماری معیشت کو بہت نقصان پہنچایا اور افغان جنگ کے 32 لاکھ متاثرین کو پاکستان میں پناہ دی گئی۔ پاکستان کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ایک پُر امن ملک ہے جہاں آئین عام شہری کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرتا ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے جبکہ حکومت نئے پاکستان کے حصول کی راہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے اہم مقام پر واقع ہے اور ہم علاقائی تنازعات کا مذاکرات کے ذریعے حل چاہتے ہیں۔ خطے کی ترقی علاقائی امن و امان سے وابستہ ہیں اور خطے کے مسائل جنگ سے نہیں مذاکرات سے حل ہوں گے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا کیونکہ طاقت کے زور پر کشمیریوں کے حقوق کو نہیں دبایا جا سکتا۔ ہماری امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور مسائل کو دبانے کے بجائے انہیں حل کیا جائے۔

خیال رہے آرمی چیف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہونگے۔ دفاعی نمائش میں 50 سے زائد ممالک کے 262 سے زائد وفود شرکت کر رہے ہیں۔ نمائش 27 سے 30 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گی۔