وزیراعظم نے 100 روزہ پلان پر اہم اجلاس طلب کر لیا

وزیراعظم نے 100 روزہ پلان پر اہم اجلاس طلب کر لیا
کیپشن: اجلاس میں وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے سو روزہ پلان پر رپورٹس پیش کی جائیں گی۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ عمران خان آفیشل فیس بُک پیج

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے 100 روز مکمل ہونے سے متعلق '100 روزہ پلان' پر اہم اجلاس آج طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی رہنما، وفاقی وزراء، مشیر اور معاونین خصوصی شریک ہوں گے۔ وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے سو روزہ پلان پر رپورٹس پیش کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم 29 نومبر کو 100 روزہ پلان سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے اس حوالے سے امور پر بھی آج کے اجلاس میں تفصیلی غور ہو گا اور اہداف کی تکمیل کے بارے میں تقریب کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اجلاس میں طرز حکمرانی، سادگی و کفایت شعاری مہم، کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کے امور پر بھی بریفنگ ہو گی جب کہ وزیراعظم وزراء و مشیروں کی ذاتی کارکردگی کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزارتوں کی کارکردگی پر بریفنگ ہو گی جن میں مواصلات، قانون و انصاف، موسمیاتی تبدیلی، ہاؤسنگ، ریلویز، نجکاری اور اطلاعات شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی فلاحی منصوبوں کے بارے میں بھی جامع حکمت عملی اور عملی اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔