محمد بن سلمان ترک صدر سے ملاقات کے خواہشمند

محمد بن سلمان ترک صدر سے ملاقات کے خواہشمند
کیپشن: Picture: Times of Islamabad

ترکی کے وزیرخارجہ مولود چاوش اولو نے ایک انٹرویوں میں بتایا ہے کہ محمد بن سلمان نے ٹیلی فون کر کے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔ محمد بن سلمان نے طیب ایردوان سے جی 20 کانفرنس میں ملاقات کرنا چاہتے ہیں جو رواں ہفتے کے آخر میں ہونے جا رہی ہے۔

مولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ طیب ایردوان نے سعودی شہزادے کو جواب دیا ہے کہ دیکھیں گے۔ وزیرخارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں رہنما ارجنٹائن میں منعقد ہونے والے جی 20 سربراہی کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں اور وہاں ملاقات غیر متوقع نہیں ہے۔

قبل ازیں 22 نومبر کو ترک صدارتی ترجمان ابراہیم قالن نے کہا تھا کہ صدر ایردوان ارجنٹائن میں منعقد ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے پرنس محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔صدارتی ترجمان کا کہنا تھا کہ جی 20 میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات سے متعلق پروگرام کا ہم جائزہ لے رہے ہیں اورایسا ممکن ہوسکتا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد ترکی اور سعودی عرب کے تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔ ترکی کا مؤقف ہے قتل کا حکم اعلیٰ سعودی حکام نے دیا اور ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

سعودی عرب کا مؤقف ہے کہ قتل کا حکم کسی اعلیٰ عہدیدار نے نہیں دیا تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ملزمان کو انجام تک ضرور پہنچایا جائے گا۔