مودی کے دورہ اسلام آباد کو خوش آمدید کہیں گے تاکہ مذاکرات شروع ہو سکیں : پاکستان

مودی کے دورہ اسلام آباد کو خوش آمدید کہیں گے تاکہ مذاکرات شروع ہو سکیں : پاکستان
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو بات چیت سے حل کرنا چاہتا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر ، سیاچن ، شرکریک اور دیگر مسائل کو بات چیت سے حل کرنا چاہتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ عوامی سطح کے رابطوں ، مذہبی سیاحت کے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں ، ہم دہشتگردی کے معاملے پر بات چیت کے لیے تیار ہیں ، ہم نے زور دیا ہے کہ سارک کانفرنس ہونی چاہئے ۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مودی کے دورہ اسلام آباد کا خیر مقدم کرے گا تاکہ مذاکرات کو شروع کیا جا سکے ، انھوں نے کہا کہ پاکستان نے روایتی حریف کے ساتھ مذاکرات اور امن میں ہمیشہ پہل کی ہے۔