پی ٹی آئی حکومت نے قومی تعلیمی پالیسی کا اعلان کر دیا

پی ٹی آئی حکومت نے قومی تعلیمی پالیسی کا اعلان کر دیا
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ اڑھائی کروڑ بچوں کے سکولوں میں داخلہ حکومت کا پہلا ہدف ہے، اسلام آباد میں نیشنل سکل یونیورسٹی بنائی جائے گی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے قومی تعلیمی پالیسی کا اعلان، اڑھائی کروڑ بچوں کا سکولوں میں داخلہ پہلا ہدف قرار، معیاری تعلیم کی فراہمی، فنی تعلیم اور ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم رائج کرنے کے اہداف مقرر کر لیے گئے۔

وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اسلام آباد میں 27 ہزار بچے سکولوں سے باہر ہیں، ان کی انرولمنٹ کے لیے پائلٹ پراجیکٹ کا آج سے آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر قومی نصاب کونسل تشکیل دے رہے ہیں جبکہ ٹیچرز ٹریننگ پروگرام بھی شروع کریں گے۔

ماہرین تعلیم نے تعلیمی پالیسی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاہتے ہیں، اس بار پالیسی پر عمل بھی ہو۔وزیر تعلیم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ملک بھر کے سکولوں میں سمارٹ کلاس رومز بنائیں گے اور تعلیمی رضاکار پروگرام بھی لانچ کریں گے۔