پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اختر رسول کورونا وائرس کا شکار

پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اختر رسول کورونا وائرس کا شکار

لاہور: قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اختر رسول کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ وہ اس وقت لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

خیال رہے کہ اختر رسول کا شمار پاکستانی ہاکی ٹیم کے لیجنڈ کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اولمپیکس میں قومی ٹیم کی نمائندگی بھی کی۔ ان کے کھیل کی آج بھی تعریف کی جاتی ہے۔

کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے سیاست میں بھی قسمت آزمائی کی اور مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی بھی رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات سرانجام دیں۔

انہوں نے 2012ء سے 2013ء تک پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور مینیجر کا عہدہ بھی سنبھالا۔ ان کے دور میں قومی ٹیم تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ سے باہر ہوئی تھی۔ تاہم ان کی زیر نگرانی ٹیم نے ایشین چیمپئن ٹرافی میں فتح حاصل کی جبکہ لندن اولمپیکس میں ساتویں پوزیشن اپنے نام کی تھی۔