حکومت مضبوط ہے، جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا: گورنر چودھری سرور

Government is strong, opposition rallies will not make any difference: Governor Chaudhry Sarwar

لاہور: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت مضبوط اور مستحکم ہے، اسے اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

یہ بات انہوں نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست مزاری سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کے جلسے کورونا پھیلاؤ مہم کا حصہ ثابت ہوں گے۔ یہ وقت حکومت کیخلاف نہیں، کورونا کیخلاف جنگ لڑنے کا ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جلسوں کی ضد کسی صورت ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہے۔ حکومت مضبوط اور مستحکم ہے، اسے جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ حکومت پاکستان کو آگے اور مخالفین پیچھے لے کر جانا چاہتے ہیں۔

چودھری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان کامیابیوں کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔ آج پارلیمنٹ اور جمہوریت سمیت تمام ادارے مضبوط ہو رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے اداروں میں سیاسی مداخلت کو ختم کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے مشن پر گامزن ہیں۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے ہر سطح پر ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔ وفاق اور پنجاب حکومت عام آدمی کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پر قوم کو مکمل اعتماد ہے، اپوزیشن کے عزائم ناکام ہوں گے۔ اپوزیشن کو چاہیے وہ جلسوں کی ضد کو چھوڑ کر کورونا ایس او پیز پر عمل کرے۔

دوسری جانب گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے انتہائی احسن اقدام اٹھاتے ہوئے گورنر ہاؤس میں قائم قران گارڈن کو عوام کیلئے کھول دیا ہے۔ اس کے علاوہ ہیروز وال کو اوپن کر دیا گیا ہے، عوام کیلئے یہ سہولت صبح گیارہ بجے سے شام چھ بجے تک میسر ہوگی۔