چٹا گانگ ٹیسٹ، بنگلا دیش پہلی اننگز میں 330 رنز بنا کر آؤٹ

چٹا گانگ ٹیسٹ، بنگلا دیش پہلی اننگز میں 330 رنز بنا کر آؤٹ


چٹاگانگ: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے دن بنگلا دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 330 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق چٹاگانگ کےچوہدری  ظہور احمد  اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ  میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 330 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، حسن علی نے 5 وکٹیں حاصل کی جبکہ فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے 2،2 وکٹیں لیں۔

خیال رہے کہ بنگلا دیش کی جانب سے گزشتہ روز شادمان اسلام اور سیف حسن نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں اوپنرز 33 رنز پر پویلین لوٹ گئے، دونوں نے 14، 14 رنز بنائے، کپتان مومن الحق 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ نجم الحسن شنتو نے 14 رنز بنائے۔تاہم آغاز میں بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن لڑکھڑانے کے بعد  مشفق الرحیم اور لٹن داس نے پاکستانی  گیند بازوں کا ڈٹ کر سامنا کیا اور  206 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔  لٹن داس  114 رنز  کی اننگز کھیل کر آج صبح  حسن علی کا شکار بن گئے ، جبکہ مشفیق الرحیم 91 رنز بنا کر فہیم اشرف کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے۔آج بنگلا دیش کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یاسر علی تھے جو  صرف 4 رنز بنا کر حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے ۔ تیجل اسلام 11 رنز بنا  کر شاہین آفریدی کا شکار بنے جبکہ ابو جاوید 8 اور عبادت حسین صفر پر حسن علی کو وکٹ دیکر پویلین لوٹ گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز  بنگلادیش نے پاکستان کیخلاف  ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم آغاز اچھا نہ ہونے کے باوجود بنگلا دیش کی بیٹنگ لائن مشفیق الرحیم اور لٹن داس کی پارٹنر شپ کی بدولت سنبھلنے میں کامیاب ہو گئی۔