این اے 4 پشاور : پی ٹی آئی نے 47586ووٹ لے کر میدان مار لیا

این اے 4 پشاور : پی ٹی آئی نے 47586ووٹ لے کر میدان مار لیا

پشاور : قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف نے فیصلہ کن برتری کے ساتھ میدان مار لیا۔غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے ارباب عامر ایوب نے 47586ووٹ لے کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 4پشاور کاانتخابی معرکہ تحریک انصاف نے بھاری اکثریت سے جیت لیا۔ ارباب عامر ایوب نے 47586ووٹ لے کرپہلے نمبر پر رہے ، لیگ کےناصرخان موسیٰ زئی 25267 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر جبکہ اے این پی کے خوشدل خان25143ووٹ لیکرتیسرنمبر پر رہے۔ پیپلزپارٹی کے اسد گلزار خان نے 12302 حاصل کرسکے۔فتح کااعلان ہوتے ہی کھلاڑی سڑکوں پر نکل آئے اور خوب جشن منایا۔


مزید تفصیل کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما گلزار احمد کی موت کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہی، پولنگ کے لیے پولنگ اسٹیشنوں پر رش دیکھا گیا، بزرگ، خواتین اور معذورا فراد بھی ووٹ ڈالنے آئے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخاب کے لیے کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر پہلی بار الیٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا۔


پولنگ کے دوران بعض مقامات پر بدنظمی دیکھنے میں آئی اور مختلف علاقوں سے 6 افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ بڈھ بیر میں کسی اور کا ووٹ ڈالنے کی کوشش میں پولیس اہلکار پکڑا گیا۔اس نشست پر انتخاب لڑنے کے لئے 14 سے زائد امیدوار مدمقابل رپے جن میں سے 9 آزاد جب کہ 5 کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے۔حلقے میں تین جماعتوں تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سخت مقابلہ رہا۔