سعودی وزارت داخلہ نے" قانون شہریت" میں ترمیم کیلئے ورکنگ ٹیم تشکیل دیدی

سعودی وزارت داخلہ نے

ریاض:سعودی عر ب کی  مجلس شوریٰ کے ترجمان ڈاکٹر محمد المھنا نے بتایا ہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے قانون شہریت میں ترمیم کیلئے ورکنگ ٹیم تشکیل دیدی۔ وہ مجلس شوریٰ میں سعودی قانون شہریت میں ترمیم کے مسودے پر بحث کو ملتوی کرنے کے محرکات سے متعلق سوال کا جواب دے رہے تھے۔

بعض ارکان شوریٰ سعودی قانون شہریت میں ترمیم تجویز کئے ہوئے ہیں جس کے تحتسعودی ماؤں کی غیر ملکی اولاد کو شہریت دینے کا حق دیا گیا ہے۔ المھنا نے بتایا کہ جب تک وزارت داخلہ کی ورکنگ ٹیم قانون شہریت کا جائزہ مکمل نہیں کرے گی تب تک مذکورہ قانون میں ترمیم کا مسودہ شوریٰ میں زیر بحث نہیں آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شوریٰ میں سلامتی امور کی کمیٹی مذکورہ ترمیم کا ہمہ جہتی جائزہ لے چکی ہے۔ 3ارکان شوریٰ لطیفہ الشعیان، ھیا المنیع اور عطاالسبتی نے اکتوبر 2016 میں قانون شہریت میں ترمیم تجویز کی تھی۔ غیر ملکی اولاد کی سعودی مائیں ارکان شوریٰ کی تجویز سے بہت ساری امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں۔

سعودی ماؤں کی غیر ملکی اولاد ترمیم مذکور کی فائل کے سرد خانے میں رکھے جانے پر تشویش کا شکار ہے۔ ایک اطلاع کے مطابق احوال مدنیہ کے قانون میں ترمیم بھی زیر غور ہے۔