نظام کو درست کرنے کیلئے بڑے ڈاکوؤں کو جیلوں میں ڈالنا ہو گا، عمران خان

نظام کو درست کرنے کیلئے بڑے ڈاکوؤں کو جیلوں میں ڈالنا ہو گا، عمران خان

اپر دیر: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپر دیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا جہاں طاقتور کیلئے الگ اور کمزور کے لئے الگ قانون ہو تو وہ قومیں تباہ ہو جاتی ہیں اور جس ملک میں ناانصافی ہوتی ہے وہاں برکت نہیں ہوتی۔ ان کا مزید کہنا تھا ملک کے سارے چور ایک طرف اور نواز شریف کا لندن کا محل ایک طرف ہے جبکہ چھوٹا چور جیل میں جاتا ہے اور بڑے چور کو 40 گاڑیوں کا پروٹوکول ہے۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا اس حکومت نے ہر پاکستانی کو ایک لاکھ بیس ہزار روہے کا مقروض کر دیا ہے اور موبائل فون کے 100 روپے کے بیلنس پر عوام کو 35 روپے ٹیکس دینا پڑتا ہے۔ آئی ایم ایف کو قرضے واپس کرنے کے لئے بے جا ٹیکس لگائے جا رہے ہیں۔ اس وقت ملک میں بے روزگاری عروج پر ہے اور ملک کا باصلاحیت نوجوان باہر جا رہا ہے۔

کپتان نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا آصف زرداری اور نواز شریف ملک کے سب سے بڑے ڈاکوؤں ہیں کیونکہ ان لوگوں نے ملک کو لوٹا اور منی لانڈرنگ کر کے بیرون ملک میں جائیدادیں بنائیں۔

انہوں نے کہا نظام کو درست کرنے کیلئے بڑے چوروں اور لٹیروں کو جیل میں ڈالنا ہو گا ورنہ یہ ملک خوشحال نہیں ہو سکتا ہے۔ ہمیں اس ملک میں حضورﷺ کا نظام لانا ہے۔ ایسا نظام لانا ہو گا جس میں سرکاری اسکولوں کے بچے بھی وزیراعظم بھی بن سکیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں