حکومت معیشت تباہ کر رہی تاکہ فوج اور دیگر ادارے متاثر ہوں: چودھری شجاعت حسین

حکومت معیشت تباہ کر رہی تاکہ فوج اور دیگر ادارے متاثر ہوں: چودھری شجاعت حسین

لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزراء کے یہ بیان نہایت ہی احمقانہ ہیں کہ فوج اور معیشت کا آپس میں کوئی تعلق نہیں, فوج کا کام سکیورٹی فراہم کرنا ہے، سکیورٹی اور معیشت کا آپس میں بڑا گہرا تعلق ہے اگر معیشت خراب ہو گی تو سکیورٹی میں بھی رکاوٹیں پیدا ہوں گی۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جان بوجھ کر اس طریقے پر کام کر رہی ہے تاکہ ملکی معیشت تباہ ہو اور اس کے اثرات فوج کے ساتھ ساتھ دوسرے اداروں پر بھی پڑیں، فوج ہمارے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے، وہ سپاہی جو بارڈر پر ڈیوٹی دے رہا ہے، لڑ رہا ہے جب اسے پتہ چلتا ہے کہ مہنگائی کس تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے، گھر چلانا مشکل ہو گیا ہے اور اس کا خاندان کن مشکلات میں گرفتار ہے تو اس کو حق پہنچتا ہے کہ وہ معیشت کے بارے میں پوچھے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران جان بوجھ کر معیشت خراب کر رہے ہیں تاکہ اپنے مکروہ عزائم کو تکمیل تک پہنچا سکیں۔ چودھری شجاعت حسین نے پنجاب کی خراب صورتحال بارے میں سوال پر کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی وزارتِ اعلیٰ کے دور میں خزانہ 150 ارب سرپلس تھا اب خزانہ مائنس 700 ارب پر ہے، قرضے 10 گنا بڑھ گئے ہیں، صرف جنگلہ بس کو 27.5 ارب کی سالانہ سبسڈی دی جا رہی ہے۔#

مصنف کے بارے میں