حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے روڈ میپ دے, سراج الحق

حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے روڈ میپ دے, سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے روڈ میپ دے اور قوم کو اب تک اس سلسلہ میں ہونے والے اقدامات سے آگاہ کیا جائے ۔پاکستانی سفارتخانوں میں علیحدہ کشمیر ڈیسک قائم کئے جائیں اور فوری طور پر انٹر نیشنل کشمیر کانفرنس بلائی جائے ۔کشمیری پاکستانی حکومت کی منافقانہ پالیسیوں کے شاکی ہیں ،حکمران ایک طرف بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں اور دوسری طرف کشمیریوں کی حمایت کے دعوے کرتے ہیں ،امریکی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ سے خطے میں امن کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے ۔جنوبی ایشیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے خطے کا امن شدید خطرات میں گھرا ہواہے ۔ امریکہ بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانے اورپاکستان و چین پر دباؤ بڑھانے کیلئے مودی کی سرپرستی کررہا ہے جبکہ بھارت آئے روز لائن آف کنٹرول اور پاکستانی سرحد پر بلا اشتعال گولہ باری کر کے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے ،بھارت اشعال انگیزی کرکے خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے اور امریکہ اسے اسلحہ فراہم کررہا ہے۔جس سے جنوبی ایشیاء کے امن کو شدید خطرات نے گھیر رکھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستا ن کے حصے کا پانی بند کر رہا ہے اور مودی سے کچھ بعید نہیں کہ وہ امریکی شہ پر کسی حماقت کا مظاہرہ کربیٹھے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام پاکستان کی تکمیل اور سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں، وولر بیراج کی تعمیر کو روکنے والے بھی کشمیری تھے جنہوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر پاکستان کے حصہ کے پانی کو بند کرنے کی بھارتی کوشش کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف کشمیری پاکستان کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرتے ہوئے پاکستان کا پرچم اٹھا کر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے ، بھارتی قابض فوج کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہورہے ہیں،جبکہ دوسری طرف ہمارے حکمران مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوئی ٹھوس قدم اٹھانے سے گریزاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت قوم کو واضح لائحہ عمل دے کہ وہ کشمیریوں کو بھارت کے ظلم و جبر اور ریاستی دہشت گردی سے بچانے اور انہیں حق خودارادیت دلانے کیلئے کیا عملی اقدامات کررہی ہے تاکہ دونوں طرف کے کشمیریوں کو بھی کوئی حوصلہ مل سکے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور جب تک پاکستان کی شہ رگ کو پنجہ استبداد سے چھڑا نہیں لیتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی کیلئے انسانی تاریخ کی عظیم قربانیاں پیش کی ہیں ۔

مصنف کے بارے میں