مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے: خرم نواز گنڈا پور

مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے: خرم نواز گنڈا پور

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کشمیر پر بھارتی قبضہ کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر کہا کہ جنوبی ایشیاء کے امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے استصواب رائے کے حق کو تسلیم کرے اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے ۔ انہوں نے کشمیری خواتین کی چٹیا کاٹنے کے غیر انسانی واقعات کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور   کہا  کہ قابض فورسز خواتین کی بڑے   پیمانے پر تضحیک میں ملوث ہیں۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یوم سیاہ کے موقع پر بھارتی جاسوس ڈرون کی پاکستانی حدود میں جاسوسی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔حکومت بھارتی سفارتکار کو طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے اور بین الاقوامی سرحدی خلاف ورزی کے اس معاملہ کو اقوام متحدہ میں بھی اٹھایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت خطہ میں جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے ، دو طرفہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی بجائے اشتعال انگیزی کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس ڈرون کو مار گرانے پر افواج پاکستان مبارکباد کی مستحق ہیں۔بھارت اچھی طرح جان لے کہ افواج پاکستان وطن عزیز کے چپے چپے کا تحفظ کر رہی ہے اور پاکستانی افواج کے شاہینوں کے ہوتے ہوئے کوئی پرندہ بھی پر نہیں مار سکتا ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس ڈرون کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کے معاملے کو کسی صورت نظر انداز نہ کیا جائے ۔

مصنف کے بارے میں