کشمیر پر قبضے کو 71 برس بیت گئے،آج دنیا بھر میں کشمیر ی بھارت کیخلاف یوم سیاہ منارہے ہیں

کشمیر پر قبضے کو 71 برس بیت گئے،آج دنیا بھر میں کشمیر ی بھارت کیخلاف یوم سیاہ منارہے ہیں
تصویر بشکریہ ڈیلی ٹائمز

سرینگر : کشمیر پر بھارتی تسلط کے 71 برس بیت جانے پر آج آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارت کیخلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق71برس قبل 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے پہلی بار مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیں اتاری تھیں جس کے بعد سے بھارت نے آج تک کشمیر کے ایک بڑے حصے پر جابرانہ قبضہ کر رکھا ہے۔یوم سیاہ کی مرکزی تقریب دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہو گی جس سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر علی امین گنڈا پور خطاب کریں گے۔

بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری احتجاجی مظاہرے، جلسے اور ریلیاں منعقد کریں گے جن کا مقصد کشمیر پر بھارتی قبضے اور کشمیریوں کے قتل عام کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی قبضے اور فوجی جارحیت کے خلاف مکمل ہڑتال کی جائے گی اور احتجاجی مظاہرے بھی منعقد ہوں گے۔