سپریم کورٹ کا کراچی بھر میں تجاوزات ختم کرنے کا حکم ،مشترکہ ٹیم کو 15 دن کی مہلت

کراچی: سپریم کورٹ آف پاکستان نے کراچی بھر میں تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے کراچی سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے جوائنٹ ٹیم کو 15 دن کی مہلت دیدی،اس کے علاوہ کنٹونمنٹ بورڈ اوررینجرز کو بھی انتظامیہ سے تعاون کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کا معاملہ کی سماعت کی ،میئر کراچی وسیم اختر، کراچی پولیس کے چیف اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت میئر کراچی وسیم اختر نے عدالت کو بتایا کہ ایمپریس مارکیٹ 70 فیصد صاف ہو چکا ہے ، چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ صرف یہی نہیں اطراف کا علاقہ بھی صاف کرائیں ،میئر کراچی نے یقین دلانی کراتے ہوئے کہا کہ صدر کو مکمل طور پر صاف کرائیں گے ،عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈ اوررینجرز کو بھی انتظامیہ سے تعاون کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ تمام فٹ پاتھوںسے تجاوزات کو ختم کیا جائے،عدالت نے شہر بھر میں تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیدیا،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ عدالتی حکم موجود ہے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں،چیف جسٹس نے پولیس چیف سے استفسار کیا کہ تجاوزات کو آپ ختم کرائیں گے اپنا پلان بتائیں ،کرچی پولیس چیف امیر شیخ نے کہا کہ ہم مکمل تعاون کیلئے تیار ہیں ، عدالت نے تجاوزات کے خاتمے کیلئے جوائنٹ ٹیم کو 15 دن کی مہلت دیدی۔