نعیم الحق کا نادرا سینٹر کا دورہ ، شہریوں کی شکایات سنیں ، رجسٹریشن کا وقت بڑھا دیا

نعیم الحق کا نادرا سینٹر کا دورہ ، شہریوں کی شکایات سنیں ، رجسٹریشن کا وقت بڑھا دیا
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد:پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق کا نادرا سینٹر کا اچانک دورہ ، قطار میں کھڑے شہریوں کی شکایات سنیں ، چیئرمین نادرا نے رجسٹریشن کے اوقات بڑھانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے اسلام آباد میں نادرا سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں قطاروں میں لگے شہریوں کی شکایات سنیں ، اس موقع پر نعیم الحق نے فون پر کال کر کے چیئرمین نادرا کو بھی وہاں طلب کر لیا۔

چیئرمین نادرا نے شہریوں کی شکایات سننے اور نعیم الحق کی مشاورت سے نادرا میں رجسٹریشن کے اوقات میں اضافہ کر دیا ، نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ شہریوں کو مشکلات نہیں ہونی چاہئے۔رجسٹریشن کے لیے موبائل وینز شام 4 کی بجائے 7 بجے تک کام کریں گی جبکہ نادرا کا مرکزی دفتر رات 11 بجے تک کھلا رہے گا۔

نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان براہ راست منصوبے کی نگرانی کر رہے ہیں ، 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کا عزم کر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال 4 جولائی کو عمران خان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر5 سال میں 50لاکھ گھر بنائیں گے، منصوبہ مذاق نہیں ہم کر کے دکھائیں گے، ہر لیول پر کرپشن اور مافیا پر قابوپائیں گے۔