مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ اقدامات اٹھائے جائیں، وزیراعظم

Pakistan,Federal Cabinet,Economic Situation
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کی مشکلات کا مکمل طور پر احساس ہے اور مہنگائی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا.وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس ہوا جس میں مہنگائی سمیت 12 اہم نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کیوں بڑھ رہی ہے معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے جبکہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب تک مہنگائی کنٹرول نہیں ہو گی تب تک چین سے نہیں بیٹھوں گا کیونکہ عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے اور مہنگائی میں کمی میری ترجیح ہے۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے وزیراعظم سے بیوروکریسی کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ بیورو کریٹ مہنگائی میں کمی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ مہنگائی میں کمی کیلئے حکومتی اقدامات اور احکامات پر عمل نہیں ہو رہا اور وزیراعظم بیوروکریسی میں شامل ایسی کالی بھیڑوں کو نکال باہر کریں جبکہ گندم بحران میں ملوث بیوروکریسی کی مکمل نشاندہی ہونی چاہئیے۔ 

اجلاس میں پشاور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور واقعے میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وفاقی کابینہ کے جلاس میں عسکری ایئرلائن کے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس منسوخ کرنے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں خلیجی ممالک کے شہزادوں کے لیے لائیواسٹاک برآمد کرنے اور نان ٹریٹی ممالک کی جانب سے میوچل لیگل اسسٹنس کی درخواستوں کی بھی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ کو فوجداری قوانین میں اصلاحات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم اور سازوسامان نصب کرنے سے متعلق پالیسی موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بعدازاں وزیراعظم نے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کے لیے اجلاس طلب کر لیا۔