مدرسے میں ہونے والے دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے: شوکت یوسفزئی

Shaukat Yousafzai file photo
Shaukat Yousafzai file photo

پشاور: صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مدرسے میں ہونے والے دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ایک شخص مدرسے میں بیگ رکھ کر فرار ہوا جس کی انویسٹی گیشن کی جا رہی ہے کہ وہ کون تھا اور کہاں سے آیا تھا اور اُس کا تعلق کس دہشتگرد تنظیم سے تھا۔

انہوں نے کہا کہ الرٹ جاری ہونے کے بعد سے شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔ دہشتگردوں نے دیکھا دہشت گردی کیلئے یہ سافٹ ٹارگٹ ہے، دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد کیلئے ہمیشہ سافٹ ٹارگٹ کی تلاش میں رہتے ہیں۔ مساجد اور مدارس میں ایسے واقعات کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، دہشت گردوں کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں؟

واضح رہے کہ نیکٹا نے چند روز پہلے پشاور میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

خیال رہے کہ دیر کالونی میں مدرسے کے قریب دھماکا میں 7 افراد شہید جبکہ 70 طلبا زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے سے مدرسے کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ایس پی وقار احمد کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، زخمیوں میں زیادہ تر جھلسے ہوئے ہیں۔ ایل آر ایچ ہسپتال کے ڈائریکٹر ٹیم کے ہمراہ ایمرجنسی میں موجود ہیں۔

ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے مدرسہ میں بارودی مواد سے بھرا بیگ رکھا، مشکوک شخص صبح 8 بجے مدرسہ میں داخل ہوا، مدرسے میں داخل ہونے والے مشکوک شخص کی تلاش جاری ہے۔ دھماکا آئی ای ڈی سے کیا گیا۔ دھماکے کے وقت بچے حصول تعلیم میں مصروف تھے۔ شہید اور زخمی بچوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

ایس ایس پی آپریشن کے مطابق بی ڈی یو کا عملہ جائے وقوعہ پر موجود ہے، شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔ دھماکے میں ملوث عناصر کو کیفر کردر تک پہنچائیں گے، خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کیخلاف لمبی جنگ لڑی ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 4 سے 5 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، بارودی مواد کے ساتھ بال بیرنگ بھی موجود تھے، مدرسے کے اطراف کے کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں۔