عروسہ عالم نے کیپٹن امریندر سنگھ کیساتھ تعلق پر خاموشی توڑ دی

Aroosa Alam, Pakistani journalist, relationship, Captain Amrinder Singh, love

لاہور: پاکستانی صحافی عروسہ عالم نے کیپٹن امریندر سنگھ اور اپنے تعلق پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی دوستی کو معاشقہ قرار دینا بہت غلط ہے ۔

خیال رہے کہ بھارتی پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کی پاکستانی خاتون دوست عروسہ عالم سے متعلق ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ عروسہ عالم پر آئی ایس آئی ایجنٹ ہونے کے الزام لگائے جا رہے ہیں۔

اس کی صفائی میں کیپٹن امریندر سنگھ نے گزشتہ روز عروسہ عالم کی بھارت کی کئی مشہور سیاسی شخصیات کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔ اس کے بعد عروسہ عالم بھی ایک انٹرویو میں کیپٹن امریندر سنگھ کا بچائو کرتے ہوئے مخالفین پر شدید تنقید کرتی ہوئی نظر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں بہت خوش قسمت ہوں کہ کیپٹن امریندر سنگھ نے مجھے اس پوری دنیا میں اپنا دوست بنانے کے لئے منتخب کیا، ہمارا ذہنی اور آئی کیو لیول ایک جیسا ہے‘۔

عروسہ عالم کا انڈین میڈیا کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ میں بہت مایوس اور دکھی ہوں۔ میں گزشتہ 16 سال سے انڈیا کے دورے کر رہی ہوں۔ کیا الزام لگانے والوں کو لگتا ہے کہ ”را” کے بھی آئی ایس آئی سے ہاتھ ملے ہوئے ہیں۔ آپ کی آئی بی، مرکزی سیکورٹی ایجنسیاں، بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت، کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت، کیا وہ سبھی آئی ایس آئی پیرول پر تھیں، جن سے مجھے ویزا ملتا تھا؟

انہوں نے کہا یہ سب باتیں غیر منطقی ہیں۔ حقیقت میں مجھے ان الزامات کی پرواہ نہیں ہے۔ میں اپنی زندگی کے اس پڑائو پر ہوں، جہاں مجھے ان چیزوں کی قطعی پرواہ نہیں ہے لیکن ان لوگوں کی سیاست کے سطح کو دیکھیں۔

پاکستانی صحافی نے الزام لگانے والے انڈین لیڈروں سے سوال کیا کہ آپ اتنا نیچے کیسے گر سکتے ہیں؟ برائے مہربانی جا کر لوگوں کے لئے کچھ کام کریں، اگر آپ حکومت میں ہیں تو مجھے اس میں کیوں گھسیٹ رہے ہیں؟

نوجوت سنگھ سدھو کی اہلیہ کے رشوت لینے کے الزامات سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ بہت گھٹیا الزام ہے۔ وہ کہہ رہی ہیں کہ میں بھاگ گئی، میں بھاگی نہیں ہوں، میرا ویزا ختم ہونے کے بعد میں پاکستان آئی تھی اور اب میں اسلام آباد میں اپنے گھر پر ہوں۔