ٹی ایل پی کے مطالبات ماننے سے انکار ،وزیر اعظم نے اہم اعلان کر دیا

TLP Pakistan,PM Imran Khan,PMIK

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کا بینہ کا اہم ترین اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے کالعدم مذہبی جماعت کے مطالبات ماننے سے انکار کرتے ہوئے سختی سے نمٹنے کی ہدایت جاری کر دیں ،وزیر اعظم نے کہا پولیس والوں کو مارنا سیاسی کارکنان کا نہیں دہشتگردوں کا کام ہے،ہر حال میں ریاست کی رٹ قائم کی جائے گی ۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں کالعدم تنظیم کو جہلم سے پہلے ہی روکنے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ،اجلاس میں مظاہرین کو روکنے کیلئے رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ،کابینہ اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید نےوزیر اعظم اور کابینہ ارکان کو کالعدم جماعت کے ساتھ ڈیڈلاک سے آگاہ کیا ۔

اجلاس میں قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کیساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کر تے ہوئے انہیں جہلم سے آگے نا جانے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ،ذرائع کے مطابق مذہبی جماعت کے مظاہرین کو روکنے کیلئے پشاور جی ٹی روڈ بھی بند کرنے کا فیصلہ سامنے آگیا ۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کابینہ کو کالعدم تنظیم کے ساتھ موجودہ ڈیڈلاک سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جانی و ملکی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو رعایت نہیں دینی چاہیے ۔

دوسری طر ف ٹریفک پولیس نے راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریڈزون کے ایکسپریس چوک سے داخلی اور خارجی راستے پر ٹریفک کو موڑ دیا گیا ہے ،عوام متبادل راستے کے طور پر مارگلہ روڈ، ایوب چوک، نادرا چوک اور ڈھوکری چوک استعمال کریں،مری روڈ، فیض الاسلام سٹاپ پر فیض آباد سے آنے اور جانے کےلیے متبادل راستہ موجود ہے۔

ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری پلان کے مطابق اسلام آباد سے مری روڈ راولپنڈی جانے والے شہری اسلام آباد ہائی وے استعمال کریں،راول ڈیم چوک سے فیض آباد کی طرف دونوں اطراف کی ٹریفک کے لیے ڈائیورژن ہے۔عوام سے اپیل کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ عوام فیض آباد کی طرف غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں ۔