سری لنکن ٹیم میں پہلے جیسا دم خم نہیں،پاکستانی کھلاڑی بلاخوف کھیلیں، رمیض راجا

سری لنکن ٹیم میں پہلے جیسا دم خم نہیں،پاکستانی کھلاڑی بلاخوف کھیلیں، رمیض راجا

اسلام آباد :سابق کپتان اور مشہور کمنٹیٹر رمیض راجا نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم میں پہلے جیسا دم خم نہیں رہا اسلئے پاکستان کے پاس بلا کسی خوف و دباﺅ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا امتحان لینے کا بہترین موقع ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو بھی پورا موقع ملا ہے کہ وہ کمزور حریف کے خلاف سیریز میں عمدہ پرفارم کر کے خود کو یونس خان اور مصباح الحق کا متبادل ثابت کریں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ (آج) جمعرات سے شروع ہو گا، یہ مصباح اور یونس کی ریٹائرمنٹ کے بعد گرین شرٹس کی پہلی سیریز ہو گی۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم اس وقت مشکلات کا شکار ہے پہلے اسے زمبابوے کے ہاتھوں ٹیسٹ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا.

بعدازاں بھارت نے اسے عبرتناک شکست سے دوچار کیا، گرین شرٹس کے پاس اس پر دباﺅ بڑھا کر سیریز جیتنے کا سنہری موقع ہے تاہم ہدف کے حصول کیلئے پاکستان کو جارحانہ حکمت عملی اپنانا ہو گی۔

ہماری ٹیم کو چاہیے کہ وہ کسی بھی سیشن میں حریف ٹیم کو سیٹل ہونے کا موقع نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سرفراز کیلئے چیلنجنگ ہو گی تاہم مجھے پوری امید ہے کہ وہ اپنی لیڈرشپ سکلز کی بدولت اس امتحان میں بھی سرخرو ہوں گے۔