پی ٹی آئی میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے، شاہ محمود اور جہانگیر ترین گروپ آمنے سامنے

پی ٹی آئی میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے، شاہ محمود اور جہانگیر ترین گروپ آمنے سامنے

اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے معاملے پر پی ٹی آئی میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے، شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین گروپ آمنے سامنے آ گئے ہیں، جہانگیر ترین گروپ ڈٹ گیا کہ صرف عمران خان کو اپوزیشن لیڈر مانیں گے۔

بدھ کو اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف میں دو دھڑے بن گئے ہیں، جہانگیر ترین گروپ شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا مخالف ہے،اس دھڑے کا مطالبہ ہے کہ اپوزیشن لیڈر عمران خان کو خود ہونا چاہیے، جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کے گروپس اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر آمنے سامنے آ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ شاہ محمود قریشی اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں، انہوں نے اس ضمن میں ایم کیو ایم پاکستان سے بھی رابطہ کیا ہے، اس پر جہانگیر ترین گروپ نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور ان کی طرف سے یہ بات بھی سامنے آگئی ہے کہ اگر اپوزیشن لیڈر ہوا تو وہ صرف عمران خان ہوں گے۔ پارٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی تک شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا اور اگر تحریک انصاف کی طرف سے کوئی اپوزیشن لیڈر ہوا تو وہ صرف عمران خان ہوں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پارٹی میں اختلافات ختم کرنے کیلئے عمران خان جلد شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کو بلا کر بات چیت کریں گے اور ان کو کہیں گے کہ اس سلسلے میں میڈیا میں کوئی بات نہ کی جائے اور پارٹی اختلافات کا کھلے عام اظہار نہ کیا جائے، اگر عمران خان کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کیا جاتا ہے تو دونوں گروپس میں اختلافات ختم ہو جائیں گے، اس معاملے پر اختلافات سے بچنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ عمران خان خود اپوزیشن لیڈر کے امیدوار کے طور پر سامنے آئیں۔

مصنف کے بارے میں