مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت، مزید 2 نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت، مزید 2 نوجوان شہید
قابض فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر ایک نوجوان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے سری نگر کے علاقے نور باغ میں محاصرے کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گھر کے مالک سلیم ملک شہید ہو گئے۔


بھارتی فوج کی بربریت کا دوسرا واقعہ ضلع اسلام آباد کے علاقے دلوچ دورو میں پیش آیا جہاں قابض فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر ایک نوجوان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب شہید سلیم ملک کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور قابض انتظامیہ اور بھارتی فوج کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پولیس اور فوجی اہلکاروں نے نماز جناہ میں شرکت کرنے والے افراد پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔

قابض انتظامیہ نے سری نگر میں احتجاج اور ریلیوں کو روکنے کے لیے کرفیو لگا دیا جب کہ ضلع اسلام آباد، بڈگام اور سری نگر میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔