سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کی نااہلی نظر ثانی اپیل مسترد کردی

سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کی نااہلی نظر ثانی اپیل مسترد کردی
کیپشن: تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی نااہلی برقرار رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین کی نااہلی کے خلاف نظرثانی اپیل مسترد کر دی اور چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم کیس کی دوبارہ سماعت نہیں کر رہے ہیں، ٹرسٹ ڈیڈ کے اصل مالکان جہانگیرترین اوران کی اہلیہ ہیں، ہمیں صرف جہانگیرترین اورجائیدادمیں تعلق کی وضاحت چاہیے جبکہ آفشور کمپنی فرشتوں نے تو نہیں بنائی۔

جسٹس ثاقب نثار نے مزید ریمارکس دیئے کہ اب لہر یہ ہے کہ لیڈر پیسہ ملک میں لائیں، آپکے موکل اتنے بڑے لیڈر ہیں کبھی انہوںنے سوچا کہ یہ پیسہ ملک میں واپس آنا چاہیے، باہر سے پیسہ ملک میں لایا جانا چاہیے،ہم کیس کی دوبارہ سماعت نہیں کر رہے ہیں، اس وقت آپ کو پوچھتے رہے لیکن آپ نے ٹرسٹ ڈیڈ بھی بہت آخر میں دی،فیصلہ پڑھ رہا تھا کہ آپ نے کمپنی اور شیئر بھی خریدے،کوئی عوامی عہدے دار ایسی مشکوک ٹرانزیکشن کیسے کر سکتا ہے؟ جس پر جہانگیر ترین کے وکیل سکندر بشیر مہمند دلائل دیتے ہوئے جذباتی ہو گئے اور سکندر بشیر مہمند نے بلند آواز میں بولنا شروع کر دیا۔

چیف جسٹس نے جہانگیر ترین کے وکیل سکندر بشیر مہمند کی سرزنش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اپنی آواز نیچے رکھیں اور چیخیں مت، عدالت کے احترام کو مدنظر رکھیں۔جس پر سکندر بشیر مہمند کا کہنا تھا کہ معافی چاہتا ہوں مجھے اونچا بولنے کی عادت ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے عدالت میں اپنا موقف پیش کرنا چاہا تو عدالت نے جہانگیرترین کوبات کرنے سے روک دیااور ریمارکس دیئے کہ جہانگیر ترین کے کیس میں ایسا کچھ نہیں جس پر نظر ثانی کی جا سکے لہذا سپریم کورٹ نے جہانگیرترین کی نظرثانی اپیل مسترد کر دی جس کے بعد ان کی نااہلی تا حال برقرار ہے۔