کراچی میں موسلا دار بارش، کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق

 کراچی میں موسلا دار بارش، کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق
کیپشن: Image Source: File Photo

کراچی: کراچی شہر کو موسلا دار بارش نے جل تھل کر دیا، مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، کئی مقامات پر بجلی بھی غائب ہوگئی۔

 

تفصیلات کے مطابق ،کراچی  میں موسلادار بارش سے  نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے، سڑکیں تالاب بن گئیں، سرجانی ٹاؤن، ملیر، گلشن حدید، گلشن اقبال، اورنگی ٹاون، کورنگی، ملیر، اسٹیڈیم روڈ پر بھی بادل خوب برسے جس سے ہر طرف پانی ہی پانی ہو گیا ۔

 

بارش کی بوندیں برستے ہی بیشتر علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی۔ گلشن اقبال، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی، ایف بی ایریا، محمود آباد، بلدیہ ٹاون اور کورنگی میں لوگ پریشانی سے دوچار ہیں۔ بارش سے کے الیکٹرک کے ناقص انتظامات کی قلعی کھل گئی، شہر میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں ایک بارپھر قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔

 

ذرائع کے مطابق کراچی میں بارش سے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ سائٹ ایریا میں 2 جبکہ لیاری اور کلفٹن میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔