آج دنیا بھر سیاحت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

آج دنیا بھر سیاحت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

لاہور: آج بروز اتوار مورخہ 27 ستمبر کو دنیا بھر میں سیاحت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس سال دن کا موضوع ''سیاحت اور دیہی ترقی'' ہے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دیہی علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ سے ملکی معیشت کے حجم میں اضافہ اور ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔

عالمی یوم سیاحت پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ یہ شعبہ خصوصاً دیہی معاشرے کے مختلف طبقات کے لئے ناصرف روزگار کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہے بلکہ یہ علاقائی روابط کے فروغ اور انتہائی دور دراز علاقوں کی سماجی وسیاسی ترقی کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان جیسے ملک میں جہاں اب بھی زیادہ تر آبادی دیہی علاقوں میں مقیم ہے۔ سیاحت کا شعبہ سماجی واقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر اطمینان بخش ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیاحتی مقامات کی ترقی اور سیاحت کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات کر رہی ہیں۔

صدر نے کہا کہ یہ تمام اقدامات مستقبل قریب میں سیاحت کی صنعت کو قومی معیشت کے ایک بڑے شعبے میں تبدیل کر دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے پاکستان کی حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات میں دیہی علاقوں کی ترقی پرخصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے لئے ملک کے دیہی علاقوں میں متعدد نئے سیاحتی مقامات دریافت کئے گئے ہیں جن سے مقامی آبادی کی معاشی اورسماجی حالت میں بہتری آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بھرپور تاریخ کے ساتھ ساتھ پہاڑوں سے لے کر سمندر تک کے متنوع قدرتی مناظر اور سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جنہیں دنیانے ابھی دریافت کرنا ہے۔

مواصلات کے وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت پاکستان کو اب دہشت گردی نہیں بلکہ سیاحت کے حوالے سے جانا جا رہا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ناصرف اسلامی دنیا بلکہ عالمی رہنما کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جونہی عمران خان کی تقریر شروع ہوئی بھارتی مندوبین نے اجلاس سے فرار کی راہ اختیار کرنے کو ترجیح دی۔