نواز شریف کی تقریر کے بعد لیگی رہنما تحریک انصاف سے رابطے کر رہے ہیں، شبلی فراز

نواز شریف کی تقریر کے بعد لیگی رہنما تحریک انصاف سے رابطے کر رہے ہیں، شبلی فراز
کیپشن: نواز شریف کی سیاست ہمیشہ منافقت پر مبنی ہے، شبلی فراز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست منافقت پر مبنی، ان کی تقریر کے بعد بہت سے (ن) لیگی ہم سے رابطے کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیان سے خود ان کی جماعت اضطراب کا شکار  ہو گئی ہے۔ ان کے بیانیے پر (ن) لیگ کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ (ن) لیگ جو تحریک چلانا چاہتی ہے وہ بے بنیاد ہے کیونکہ نواز شریف کا مقصد ملک میں بے چینی اور اضطراب کی کیفیت پیدا کرنا ہے۔ جاتی عمرہ میں اس وقت تذبذب اور اضطراب کے سائے منڈلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سیاست ہمیشہ منافقت پر مبنی ہے اور وہ مفرور ہیں، سیاست پر بھاشن نہ دیں کیونکہ انھیں کامیابی حاصل نہیں ہو گی۔

شبلی فراز کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ لوگ سیاست میں اثاثے بنانے آتے ہیں۔ سیاست اور مذہب کو ذاتی مفاد میں استعمال کرنے والوں کی جلد پکڑ ہو گی۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ نواز شریف کی تقریر کے بعد (ن) لیگی ہم سے رابطے کر رہے ہیں اور ان کے خاندان میں بھی چپقلش چل رہی ہے جبکہ شیخ رشید کی باتوں میں وزن ہے۔

انہوں نے بتایا کورونا کے بعد معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ معاشی حالات میں بہتری اپوزیشن کے لیے بری خبریں ہے۔ اپوزیشن کی تحریک حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش ہے۔ اپوزیشن استعفے دے اور ہم الیکشن کرائیں گے اور ہمیں میجورٹی بھی مل جائے گی۔

طلال چودھری کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں تنظیم سازی زوروں پر ہے اور رات تین بجے کا سوال رانا ثناء اللہ سے پوچھا جائے۔