جرمن انتخابات: اینگلا مرکل کی جماعت کو شکست، سوشل ڈیموکریٹس انتہائی کم مارجن سے کامیاب  

German election: Angela Merkel's party defeated, Social Democrats win by a narrow margin
کیپشن: فائل فوٹو

برلن: جرمنی کی سبکدوش ہونے والی چانسلر اینگلا مرکل کی جماعت کو سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے کانٹے دار مقابلے کے بعد انتہائی کم مارجن سے شکست دیدی ہے۔ حکومت بنانے کیلئے اتحاد کی ضرورت ہو گی۔

انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق حکمران جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین 24.1 فیصد ووٹ حاصل کرکے شکست سے دوچار جبکہ سوشل ڈیموکریٹکس 25.7 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائی۔ اس کے علاوہ گرین جماعت نے 14.8 فیصد ووٹ حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ جب تک جرمنی میں حکومت بنانے کیلئے کوئی اتحاد نہیں بن جاتا اس وقت تک چانسلر اینگلا مرکل سبکدوش نہیں ہونگی، سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس کیلئے سیاسی جماعتوں کو دسمبر تک کا انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ جرمنی کی آئندہ قیادت کو دنیا کی بہترین معیشت کی باگ دوڑ سنبھالنا ہوگی۔

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اولاف شولز کا کہنا تھا کہ وہ خوش ہیں کہ جرمن عوام نے مجھے حکومت بنانے کا کام سونپپ دیا ہے۔ تاہم ان کے سیاسی مخالفین کہہ رہے ہیں کہ اولاف کو بڑی باتیں نہیں بلکہ حکومتی اتحاد بنانے کیلئے کام کرنا چاہیے کیونکہ ووٹوں سے وہ اکثریت حاصل ہی نہیں کر سکے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ان انتخابات میں گرینز پارٹی اور لبرلز حکومتی اتحاد کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔