اسرائیلی فورسز اور حماس کے کارکنوں میں فائرنگ کا تبادلہ ، 5 فلسطینی شہید ،2 فوجی زخمی

اسرائیلی فورسز اور حماس کے کارکنوں میں فائرنگ کا تبادلہ ، 5 فلسطینی شہید ،2 فوجی زخمی

بیت المقدس : اسرائیلی فورسز اور حماس کے جنگجوؤں کے  درمیان فائرنگ کے تبادلے میں  5 فلسطینی شہیداور  دو اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوگئے ۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی پٹی میں اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان ایک بار پھر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس سے پانچ فلسطینی شہیداور دواسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں  ۔

اسرائیلی فوج کا کہنا تھا تشدد کا آغاز اسرائیلی فوج اور خصوصی پولیس یونٹ کی جانب سے رات گئے کیے گیے آپریشن کے بعد ہوا، آپریشن میں حماس کا سیل تباہ کردیا گیا اور مشتبہ کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا۔

فلسطینی وزارت صحت نے اسرائیلی فائرنگ سے 5 فلسطینیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے ۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے دوفلسطینی جنین کے قریب جبکہ تین بدو کے علاقے میں شہید ہوئے ۔ 

بدو کے علاقے میں مقیم  44 سالہ آید شماسنہ کا کہنا تھا کہ 'گولیوں کی آواز' تقریباً 4 بجے رات سنی گئی جس کے بعد لگا تار کئی دھماکے ہوئے ۔ 

اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ 'حماس کے کارکنان کو پکڑنے کے لیے بیک وقت پانچ آپریشنز کیے گئے تھے آپریشن کے دوران  مغربی پٹی کے علاقوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔

اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے اس حوالے سے  کہا  کہ اطلاع ملی تھی کہ حماس کے کارکن جوڈیا اور سماریہ کے علاقوں میں حملہ کرنے والے تھے ۔ جس کے بعد اسرائیلی فوج نے کارروائی کی ۔ 

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برقین میں ایک عمارت میں موجود حماس کے کارکنوں کی طرف سے فائرنگ کی گئی جس کی وجہ  سے دو اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوجی ہسپتال میں پہنچادیا گیا ہے ۔ 

دوسری طرف حماس نے مقبوضہ بیت المقدس کے قریب اور جنین میں اس کے کارکنان اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان تصادم کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہے کہ  بدو کے علاقے میں جاں بحق ہونے والوں میں احمد زہران، ذکریہ بدوان اور محمد حمیدان گروپ کے اراکین تھے۔