بلاول بھٹو زرداری ہنگامی دورے پر امریکا روانہ ہو گئے

 بلاول بھٹو زرداری ہنگامی دورے پر امریکا روانہ ہو گئے
کیپشن: بلاول بھٹو زرداری ہنگامی دورے پر امریکا روانہ ہو گئے
سورس: فائل فوٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایک بار پھر ہنگامی دورے پر امریکا روانہ ہو گئے۔

بلاول بھٹو زرداری دورے کے دوران اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور ان کا قیام امریکا میں ایک ہفتہ ہو گا۔ 

گزشتہ دنوں بلاول بھٹو زرداری سے امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر اور برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر اور چینی سفیر نونگ رونگ نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور افغانستان کی بدلتی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ڈپلومیٹس نے چئیرمین پیپلزپارٹی کودورہ سندھ سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں امریکی ناظم الامور اینگلا ایگلر نے بلاول بھٹو زرداری کوبتایا کہ وہ جلد سندھ کا دورہ کرنا چاہتی ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے انہیں خوش آمدید کہا اورامید ظاہر کی کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مہمان نوازی سے امریکی ناظم الامور کا دورہ سندھ یادگار رہے گا۔

برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے بھی چئیرمین پیپلزپارٹی کو اپنے دورہ سندھ سے متعلق آگاہ کیا۔بلاول بھٹو نے برطانوی ہائی کمشنر کے دورہ سندھ کا خیرمقدم کیا۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے چینی سفیر نونگ رونگ کی زرداری ہاؤس میں ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران طویل اور پائیدار پاک چین دوستی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول اور چینی سفیر کے درمیان اقتصادی راہداری کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی جبکہ افغانستان کی صورت حال کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی جولائی میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری امریکا کے دورے پر گئے تھے جس پر حکومتی حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔