اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج شام 4 بجے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ لندن سے وطن واپس لوٹنے والے اسحاق ڈار آج شام سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد کل صبح 10 بجے بطور وفاقی وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی لحاظ سے دونوں ایوانوں کے قائد ہونے کے طور پر شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو سینیٹ میں اس عہدے کیلئے نامزد کیا جبکہ حکمران اتحاد نے بھی اس نامزدگی سے اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نواز شریف نے اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ کی حیثیت سے نامزد کیا ہے جبکہ مفتاح اسماعیل نے پہلے ہی وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں دائر اسحاق ڈار کی ناہلی کی درخواست بھی واپس لے لی گئی ہے اور درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ سے رجوع کرنا چاہتے ہیں۔
درخواست گزار نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی ہدایت پر اسحاق ڈار کی نااہلی کیلئے دائر درخواست واپس لینے کا تحریری بیان جمع کروایا جس میں لکھا گیا کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے، کیس میں قانون کی تشریح درکار ہے لہٰذا مجاز فورم سے رجوع کریں گے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں دائر کی گئی درخواست میں ڈیفالٹر ہونے کی بنیاد پر اسحاق ڈار کو نااہل کرنے کی استدعا کی گئی تھی، اسحاق ڈار پر عطا الحق قاسمی کیس میں عائد جرمانہ ادا نہ کرنے کا الزام تھا۔