حج 2017ء قرعہ اندازی مکمل , ایک لاکھ 79 ہزار 210 خوش نصیب حج کی سعادت

حج 2017ء قرعہ اندازی مکمل , ایک لاکھ 79 ہزار 210 خوش نصیب حج کی سعادت

اسلام آباد:  حج 2017ء کے درخواست دہندگان کی قرعہ اندازی کر دی گئی ، مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 خوش نصیب حج کی سعادت حاصل کریںگےِ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب سے مزید پندرہ ہزار کا حج کوٹہ مانگ لیا. سعودی جواب کا انتظار کیا جارہاہے، پاکستان میں حج آپریشن 27 جولائی سے 6 اکتوبر تک جاری رہے گا.

حسب روایت اس سال بھی صدر ، وزیراعظم ، گورنرز ، وزراعلیٰ اور اراکین پارلیمنٹ کے حج کوٹے نہیں ہیں ،حاجیوں کی بجائے پی آئی اپنے خساروں کو کسی اور ذریعے سے پورا کرے، حج پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا پرائیویٹ ٹو ر آپریٹر سے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کروائیں گے ،ایڈائوزری کمیٹی حج آپریشن کی نگرانی کرے گی جسے پارلیمنٹ کا اعتماد حاصل ہوگا، اس سال پاکستانی عازمین حج کو مزید بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا پختہ عزم رکھتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مذہبی امور کے وفاقی وزیر سرداریوسف نے وزیر مملکت پیر امین الحسنات کے ہمراہ حج 2017 ء کی قرعہ اندازی کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ پنجاب ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے کمپیوٹرائزڈ قرعہ انداز کا اہتمام کیا گیا ۔ سرکاری سکیم کے تحت 1 لاکھ 7 ہزار 526 پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ 71 ہزار سے زائد عازمین نجی ٹور آپریٹر کے تحت حج کے لئے سعودی عرب جائیں گے۔ پاکستان سے اس سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 خوش نصیب حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ روں سال حج کیلئے 3 لاکھ 38 ہزار 682درخواستیں موصول ہوئیں۔ یکم ذیقعد قریبا 26 جولائی سے حج آپریشن شروع ہوگا جو 6 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ پچاس فیصد عازمین مدینہ اور پچاس فیصد مکہ جائیں گے۔ سعودی حکومت سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور سعودی عرب سے درخواست کی ہے کہ پاکستان کو مزید 15 ہزار کا کوٹہ دیں۔ ابھی تک سعودی حکومت نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا اگرچہ پی آئی اے نے گزشتہ سال کے مقابلے میں کرائے کی مد میں 2000 روپے کم کئے ہیں تاہم تیل کی قیمتوں میں تناسب سے کرایہ مزید کم ہونا چاہیے۔ پی آئی اے سے کہتے ہیں کہ وہ اپنا خسارہ حج آپریشن کے ذریعے پورا کرنے کی بجائے کہیں اور سے پورا کرے۔ انہوں نے بتایا کہ ہارڈ شپ کاکوٹہ 2 فیصد رکھا گیا ہے۔ ٹور آپریٹرز سے پیکچز مانگ لئے ہیں تاکہ وہ حجاج کو بعد میں پریشان نہ کریں۔ سپریم کورٹ نے حج ٹو آپریٹرز کے کوٹے کے حوالے سے جوفیصلہ کیا ہے تفصیلی حکم نامے کا انتظار ہے جیسے ہی یہ موصول ہو گا ۔ اس پر عملدرآمد شروع کردیں گے۔ قبل ازیں متعقلہ ادارے کی خاتون افسر نے حج قرعہ اندازی کے طریقہ کار پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال حج کے لئے کل 3 لاکھ 38 ہزار 696 درخواستیں موصول ہوئیں جو کہ 89 ہزار 49 گروپس پر مشتمل تھیں۔ گورنمنٹ حج سکیم کے تحت حج درخواستیں 17 اپریل سے لے کر 26 اپریل تک وصول کی گئیں۔

گورنمنٹ حج سکیم کے لئے پورے پاکستان سے 10 دنوں میں کل 338,696 حج درخواستیں موصول ہوئیں جو کہ 89,040 گروپس پر مشتمل ہیں جو کہ اس بات کی دلیل ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ سرکاری سکیم میں حج کرنے کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حج درخواستیں دس بینکوں کی مخصوص برانچوں میں وصول کی گئیں۔ ان بینکوں میں نیشنل بینک آف پاکستان، الائیڈ بینک لمیٹڈ، ایم سی بی بینک لمیٹڈ، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ، بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، حبیب میٹرو پولیٹن بینک لمیٹڈ میزان بینک اور زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ شامل تھیں۔ حج درخواستوں کی مد میں جمع ہونے والی رقم کو شریعہ اکاؤنٹ میں رکھا گیا ہے۔ 2015ء اور 2016ء میں قرعہ اندازی کے ذریعے گورنمنٹ حج سکیم کے حجاج کرام کے انتخاب کے اقدام کو وسیع پیمانے پر اس کی شفافیت کی وجہ سے سراہا گیا۔

لہٰذا حج 2017ء میں بھی قرعہ اندازی کے ذریعے ہی حجاج کرام کی سلیکشن عمل میں لائی جا رہی ہے۔ حجاج کی طرف سے مشاورتی ورکشاپس اور تحریری طور پر وصول ہونے والی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ حج سکیم 2017ء کا نفاذ 60 فیصد 107,526 کے تناسب سے گورنمنٹ حج سکیم اور 40 فیصد 71,684 پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز کی وساطت سے عمل میں لایا جائے گا۔ تاہم چونکہ کوٹے کی تقسیم کا معاملہ ابھی تک معزز عدالتوں میں زیرغور ہے۔ لہٰذا گورنمنٹ حج سکیم کے 60 فیصد کوٹہ 107,526 میں ہارڈشپ کی سیٹیں منہا کر کے 105,376 میں سے 50 فیصد 87,813 حجاج کرام کو قرعہ اندازی کے بعد کامیاب قرار دیا جائے گا جبکہ باقی 10 فیصد 17,563 کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا جا رہا ہے اور عدالتوں کے حتمی فیصلے کے بعد 10 فیصد ویٹنگ لسٹ ہونے درخواست گزاروں کو معزز عدالتوں کے فیصلے کی روشنی میں مطلع کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام درخواست گزاروں کو قرعہ اندازی کے نتائج کی اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس آج (جمعہ)شام تک کر دی جائے گی۔ اس کے علاوہ قرعہ اندازی اور اس حوالے سے مزید معلومات کے لئے وزارت کی ویب سائٹس اور حج انکوائری نمبر 051-9205696 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے درخواست گزاروں کو 10 مئی 2017ء تک اپنے پاسپورٹ متعلقہ بینک/ برانچ میں جمع کروانا لازمی ہونگے۔

قرعہ اندازی میں ناکام ہونے والے درخواست گزار اپنی بینک/برانچ سے اپنی جمع کردہ رقم دفتری اوقات میں بینک سے واپس لے سکتے ہیں۔ اس کے لئے وزارت کی الگ سے منظوری کی کوئی ضرورت نہیں۔ اگر کوئی بینک پیسے واپس کرنے میں پس و پیش سے کام لے تو درخواست گزار وزارت کے اکاؤنٹ آفیسر سے 051-9208465 پر رابطہ کر کے اس بینک/برانچ کی شکایت کر سکتا ہے۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ شفاف اور شفاف قرعہ اندازی کی گئی ہے۔ ہماری حکومت کے حج آپریشن پر عوام کا اعتماد بڑھا ہے۔ 2013ء سے لے کر اب تک ہر سال حج درخواستوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 17 سے 26 اپریل تک درخواستیں مانگی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ ہم نے اس سال پابندی لگائی تھی کہ 7 سال پہلے حج کرنے والا اس سال حج نہیں کر سکے گا۔ پھر بھی درخواستوں میں اضافہ سرکاری حج سکیم پر اعتماد کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ہم نے نئی چیزیں بھی شامل کی ہیں۔ منی میں 3 وقت کا کھانا دیا جائے گا۔ ہوائی اڈوں پر کلیئرنس کی مشکلات کو حل کرینگے۔ ایئرکنڈیشن بسیں مہیا کی جائیں گی اور 100 فیصد حاجی مرکزیہ یعنی 500 میٹر کے فاصلے کے اندر ٹھہرائے جائیں گے۔ معذور افراد کے لئے مزدلفہ میں الگ واش رومز ہوں گے۔ امید ہے کہ 2017ء کا حج آپریشن کامیاب ترین ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یکم ذی القعد 27 جولائی سے حج آپریشن شروع ہو گا اور 6 اکتوبر کو آخری حج پرواز روانہ ہو گی۔ قرعہ اندازی گروپ کی بنیاد پر کی گئی ہے ۔