کراچی میں پانچ لاکھ شناختی کارڈز بلاک کیے جانے کی بات سراسرغلط ہے، چوہدری نثار

کراچی میں پانچ لاکھ شناختی کارڈز بلاک کیے جانے کی بات سراسرغلط ہے، چوہدری نثار

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 3 لاکھ شناختی کارڈ بلاک کیے گئے تھے، جن میں سے ایک لاکھ 72 ہزار شناختی کارڈ مستقل طور پر بلاک کردیے ہیں، ڈیڑھ لاکھ شناختی کارڈز کو ان بلاک کیا جارہا ہے ، باقی رہ جانے والے شناختی کارڈز کو مرحلہ وار ان بلاک کیا جا ئے گا،کراچی میں پانچ لاکھ شناختی کارڈز بلاک کیے جانے کی بات سراسرغلط ہے.

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں نادرا کے دو میگا سینٹرز کھولے گئے ہیں جبکہ تیسرا میگا سینٹر سائٹ کے علاقے میں مئی کے آخر میں کھول دیا جائے گا ۔چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں آج بھی رہوں گا ایک وقت تھا کہ یہاں مثالی صفائی ستھرائی ہوتی تھی مگر اب یہاں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہے۔انہوں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ گرمی سے تھکے ہارے لوگ نادراسینٹرز میں آئیں تو عملے کو چاہیے کہ ان سے خوش اخلاقی سے پیش آئے،ایسا نظام بنائیں گے کہ عوام کو نادرا مراکز میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔چوہدری نثارکا کہنا تھا کہ تمام میگا سینٹرز میں شکایتی ڈیسک بنائیں، جو بھی عوام سے بدتمیزی کرے اسے ادارے سے نکالیں، میگا سینٹرز میں 3ہزار درخواستیں نمٹانے کی صلاحیت ہو گی،نادرا سینٹرز میں اہلکاروں کی کارکردگی کی بنیاد پر انعام اور سزا کا نظام لانے کی ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نادرا سینٹرز میں عوامی شکایات کا واضح نظام لانے کی ہدایت کردی ہے اس موقع پر انہوں نے عوامی تعریف پانے والے اہلکاروں کو انعام اور شکایت ملنے والے کو نکالنے کی تجویز دی ہے ان کا کہنا تھا کہ نادرا کے چھ سو سے زائد اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوچکی ہے قبل ازیں کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد اور ڈیفنس میں نادرا کے دو میگا سینٹرز کا افتتاح کیا.