برطانوی پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا

برطانوی پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا

لندن: برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ شمال مغربی لندن کے علاقے ولزڈن میں ایک مکان پر چھاپے کے دوران فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہوئی ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ خاتون 20 کے پیٹھے میں ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس نے ایک اور کارروائی کینٹ کے علاقے میں کی اور چھ افراد کو حراست میں لیا ہے۔تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا تعلق جمعرات کو پارلیمنٹ کے قریب سے حراست میں لیے جانے والے شخص سے نہیں ہے۔

یاد رہے کہ جمعرات کو پارلیمنٹ کے قریب سے ایک شخص کو شدت پسندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ ولزڈن میں واقعے مکان کی کافی عرصے سے نگرانی کی جا رہی تھی۔برطانوی معیاری وقت کے مطابق شام سات بجے مسلح پولیس اہلکار مکان میں داخل ہوئے۔ داخل ہوتے ہی پولیس نے سی ایس گیس کا سپرے کیا اور خاتون کو گولی مار کر زخمی کیا۔

پولیس کے مطابق ایک 16 سالہ لڑکے اور 20 کے پیٹھے میں ایک مرد اور عورت کو حراست میں لیا گیا ہے۔ کینٹ کے علاقے میں کارروائی میں 43 سالہ خاتون کو حراست میں لیا گیا ہے۔ولزڈن کے رہائشی 50 سالہ ایلکس پیکسٹن نے بتایا کہ انھوں نے دیکھا ایک عورت کو ہتھکڑیاں لگائی جا رہی ہیں۔

ایک اور رہائشی نے بتایا کہ وہ شاپنگ کے لیے جا رہی تھیں جب ان کو تین گولیاں چلنے کی آواز آئی۔ایک اندازے کے مطابق 10 برس میں یہ پہلا واقعہ ہے جب پولیس نے کسی عورت پر فائرنگ کی ہو۔ اس سے قبل 2007 میں کینٹ کے علاقے میں این سینڈرسن نامی خاتون کو فائرنگ میں ہلاک کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جمعرات کو خفیہ ادارے کی اطلاع پر پارلیمنٹ سٹریٹ اور پارلیمنٹ سکوائر کے چوراہے سے پولیس نے ایک 27 سالہ مرد کو حراست میں لیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کو شدت پسندی کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے اور اس سے ایک چاقو بھی برآمد کیا گیا ہے

مصنف کے بارے میں