مینار پاکستان جلسے میں دس اہم نکات کا اعلان کرو ں گا:عمران خان

مینار پاکستان جلسے میں دس اہم نکات کا اعلان کرو ں گا:عمران خان
کیپشن: image by face book

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے میں 10 اہم نکات کا اعلان کروں گا ، انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے ۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سیکیورٹی معاملات میں دوسرے اداروں کی مشاورت بھی ضروری ہوتی ہے، خارجہ پالیسی سویلین کے دائرہ اختیار میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف اورمسلم لیگ ن کے درمیان مقابلہ ہوگا، پہلے ہمارے پاس جیتنے والے امیدوار نہیں تھے لیکن اب موجود ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کرپٹ ٹولے کے سربراہ ہیں، موجودہ عدلیہ اچھا کام کررہی ہے جس کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ فاٹا اور کے پی کے کا انضمام ضروری ہے لیکن انضمام میں مولانا فضل الرحمان اور محمود اچکزئی بڑی رکاوٹ ثابت ہو رہے ہیں۔

بھارت سے مذاکرات کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ مودی کی ذہنیت ایسی نہیں ہے کہ مذاکرات ہوں، مودی سے کہا تھا کہ چاہے کچھ بھی ہو مذاکرات کا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے۔ مینار پاکستان پر پی ٹی آئی کے کل ہونےوالے جلسے کی تیاریاں زور و شور سےجاری ہیں۔

جلسہ گاہ میں کرسیاں لگائی جا رہی ہیں اور پارٹی قائدین کے لیے سٹیج بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف نے مینار پاکستان جلسے کے لیے 3 ترانے بھی تیار کرلیے ہیں جن میں ایک ترانہ معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بول عثمان ڈار نے لکھے ہیں ، ترانے میں کرپشن اور اقامے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ 22 گھنٹوں میں ترانے کی کمپوزنگ اور ریکارڈنگ مکمل کی گئی، نیا ترانہ عمران خان اور کارکنوں کے لیے یوم تاسیس کا تحفہ ہے۔ ایک اور ترانہ تحریک انصاف وسطی پنجاب کی طرف سے تیار کروایا گیا۔یہ نغمہ برطانوی بھنگڑا سنگر عفی خان نے پنجابی زبان میں گایا ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی اہلیہ کےہمراہ لاہور پہنچ گئے ہیں۔

عمران خان شادی کے بعد پہلی مرتبہ اہلیہ کے ہمراہ لاہور آئے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی ائیرپورٹ سے ڈیفنس پہنچے جہاں ان کی اہلیہ نے ایک عزیز کے گھر میں قیام کیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کی اہلیہ کبھی سیاست میں حصہ نہیں لیں گی ، سیاسی سرگرمی یا عوامی میٹنگ کا بھی حصہ نہیں ہوں گی۔

گریٹر اقبال پارک میں تحریک انصاف کے جلسے کے لیے سیکیورٹی کیلئے انتظامات کو فول پروف بنایا گیا ہے۔ ایس پی علی رضا نے بتایا کہ شرکا کو تین مقامات پر چیکنگ کے بعد جلسہ گاہ میں جانے کی اجازت دی جائے گی، میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹ بھی نصب کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ کے چاروں طرف اونچی عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کیے جارہے ہیں۔ ایس پی سٹی کے مطابق جلسہ گاہ میں داخلے کے پانچ راستے رکھے گئے ہیں۔

وی وی آئی پیز، مردوں اور خواتین کو علیحدہ علیحدہ راستوں سے گزارا جائے گا، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جلسہ گاہ اور اس کے راستوں کی مکمل نگرانی کی جائے گی، اس مقصد کے لیے خصوصی مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا ہے۔ ایس پی سٹی کے مطابق ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے 2 ایس پی، 12 ڈی ایس پی ، وارڈنز کو جلسہ گاہ کے چاروں اطراف راستوں پر تعینات کیا جائے گا۔