کورونا سے پاکستان میں مزید 16 اموات، تعداد301 ہو گئی، 14 ہزار سے زائد متاثر

کورونا سے پاکستان میں مزید 16 اموات، تعداد301 ہو گئی، 14 ہزار سے زائد متاثر
کیپشن: کورونا کے 3 ہزار 233 مریض ملک بھر میں صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 111 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور:  کورونا نے پاکستان میں مزید 16 افراد کی جان لے لی، موذی وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 301 تک پہنچ گئی۔ متاثرہ افراد بھی 14 ہزار سے تجاوز کر گئے۔ گورنرسندھ بھی کورونا کا شکار، شکار پور کے اسسٹنٹ کمشنر کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا۔


ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی، خطرناک وبا سے مزید 16 افراد ہلاک، اموات کی تعداد 301 ہوگئی، مزید 751 افراد کورونا کا شکار ہوئے، متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار 79 ہو گئی۔

کورونا کے 3 ہزار 233 مریض ملک بھر میں صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 111 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، پنجاب 5 ہزار 640، سندھ میں 4 ہزار 956 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخوا ایک ہزار 984، بلوچستان میں 853 مریض ہیں جبکہ اسلام آباد 261، گلگت بلتستان 320 اور آزادکشمیر میں مریضوں کی تعداد 65 تک پہنچ گئی ہے۔

گورنر سندھ بھی کورونا کا شکار ہو گئے، ہلکا بخار اور کھانسی محسوس ہونے پر ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا۔ عمران اسماعیل نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔ اہل خانہ کے ٹیسٹ بھی کرائیں گے۔ ان سے ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی کا ٹیسٹ بھی ہوگا، عمران اسماعیل کے پرسنل سیکریٹری اور دیگر اسٹاف کا بھی ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر شکاپور کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا، جواد لاڑک قرنطینہ میں چلے گئے، شکاپور میں تین سرکاری ملازمین میں بھی کورونا مثبت آیا ہے۔

کراچی کےمختلف ہسپتالوں میں کام کرنےوالی نرسز اور طبی عملے نے شہریوں سے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی اپیل کر دی، ان کا کہنا ہے کہ عوام لاک ڈاؤن پر عمل نہیں کر رہے ہیں جس کے باعث مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دو ماہ بعد شہر کے مختلف پارکس کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، کھیلوں کے میدان بند رہیں گے، پارک اور ٹریل کھولنے کا مقصد شہریوں کو ایکسرسائز اور واک کی سہولت دینا ہے۔