صوبہ پنجاب میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ، 17 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ العمل رہے گا

صوبہ پنجاب میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ، 17 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ العمل رہے گا

لاہور: صوبے میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کی وجہ سے پابندیاں لگاتے ہوئے پنجاب حکومت نے سخت لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے، یہ لاک ڈاؤن 17 مئی تک نافذ رہے گا۔

خیال رہے کہ پنجاب آبادی کے اعتبار سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے جہاں کورونا روز بروز بے قابو ہوتا جا رہا ہے۔ طبی ماہرین کی جانب سے حکام کو مشورہ دیا جا رہا تھا کہ اگر عوام کو عالمی وبا سے بچانا ہے تو لاک ڈاؤن لگانا پڑے گا۔

اس لئے حکومت نے کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ایک بار پھر پنجاب میں لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے جو آئندہ ماہ 17 مئی تک عیدالفطر کے بعد تک جاری رہے گا۔

یہ اہم فیصلہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اس اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور کورونا کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبہ پنجاب میں لاک ڈاؤن کے فیصلے کے بعد پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی سیکرٹری سارہ اسلم کی جانب اس سلسلے میں نوٹی فیکیشن جاری کر دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کے روز صبے بھر میں تمام کاروباری سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک تمام سرگرمیاں معطل رکھی جائیں گی اور ان پر پابندی ہر شہری پر لازم ہوگی، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔

اس کے علاوہ شادیوں، ہوٹل ریسٹورینٹس پر کھانا کھانے اور دیگر تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ تاہم حکومت کی جانب سے اشیائے ضروریہ کی دکانوں میڈیکل سٹوروں اور پیٹرول پمپس کو اس پابندی سے مستشنیٰ رکھا گیا ہے۔