بھارت میں کورونا وائرس سے 3285 ہلاکتیں

بھارت میں کورونا وائرس سے 3285 ہلاکتیں

نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا وائرس کی صورتحال گھمبیر صورت اختیار کر چکی ہے۔ ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی سے ہر طرف لاشیں، لواحقین کی دہاڑیں اور چیخ وپکار ہے۔ صرف ایک دن کے اندر اندر کورونا نے مزید 3285 شہریوں کی جان نگل لی ہے۔

تفصیل کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے جاری اعلان میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہندوستان کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ پورے ملک میں عالمی وبا کی دوسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں اب تک ایک کروڑ ستر لاکھ شہری کورونا کی وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ انڈیا کورونا وائرس کا سینٹر پوائنٹ بن چکا ہے۔ دنیا میں روزانہ اتنے کیسز رپورٹ نہیں ہوتے جتنے بھارت میں ہوتے ہیں۔

بھارت میں مسلسل روزاہ کے حساب سے لاکھوں کورونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ لوگ اپنے عزیزوں، رشتہ داروں کیلئے طبی امداد اور آکسیجن کے حصول کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ پورے بھارت میں طبی صورتحال دگرگوں ہے، لوگوں کو وینٹی لیٹرز اور بیڈز کے حصول کیلئے بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

خبریں ہیں کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا سے متاثر ہونے والے شہریوں کی تعداد میں 3 لاکھ 62 ہزار 757 کا اضافہ ہوا ہے۔

نئی دہلی میں کورونا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ انڈیا کے دارالحکومت میں گزشتہ روز 381 اموات جبکہ 14924 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔

حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد انڈین ریاست کرناٹک میں 14 روز کیلئے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

ادھر عالمی سطح پر اس وقت کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد چودہ کروڑ پچہتر لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اس 31 لاکھ سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔