40 سال سے بڑی عمر کے جن لوگوں نے رجسٹریشن نہیں کرائی وہ کرالیں: اسد عمر

40 سال سے بڑی عمر کے جن لوگوں نے رجسٹریشن نہیں کرائی وہ کرالیں: اسد عمر

اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ خوشی ہے لوگ زیادہ تعداد میں ویکسین لگوانے کیلئے رجسٹرڈ ہو رہے ہیں ۔ 40 سال سے بڑی عمر کے جن لوگوں نے رجسٹریشن نہیں کرائی وہ کرالیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ روز پہلی بار ایک لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کی گئی ، گزشتہ روز ایک لاکھ ، 17 ہزار 852 افراد کو ویکسین لگائی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 21 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کی جاچکی ہے ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس بے قابو ہو گیا ، ایک دن میں سب سے زیادہ 201 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 530 ہو گئی ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ، 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 49 ہزار 101 ٹیسٹ کئے گئے ، جن میں سے 5 ہزار 292 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ، 24 گھنٹے کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10.77 فیصد رہی ۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد چودہ کروڑ ، ترانوے لاکھ ، اٹھائیس ہزار سے زائد ہوگئی ہے ۔ وائرس سے اکتیس لاکھ اڑتالیس ہزار سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔