کورونا کا بڑھتا خطرہ، سخت اقدامات کرنے کی تیاری شروع، فواد چودھری کی تصدیق

کورونا کا بڑھتا خطرہ، سخت اقدامات کرنے کی تیاری شروع، فواد چودھری کی تصدیق

اسلام آباد: حکومت نے ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر سخت اقدامات کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کر دی ہے۔

فواد چودھری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا صورتحال میں بہتری نہ آئی تو ملک میں سخت اقدامات کرنے پڑیں گے، اس کی تیاری کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت سے آمدورفت پر پابندی اپریل کے تیسرے ہفتے سے لاگو ہے۔ کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر بھارت سے آمدورفت پر مکمل پابندی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 40 سال سے بڑی عمر کے جن لوگوں نے رجسٹریشن نہیں کرائی، وہ کرا لیں۔ ہمیں خوشی ہے لوگ زیادہ تعداد میں ویکسین لگوانے کیلئے رجسٹرڈ ہو رہے ہیں۔ مجموعی طور پر 21 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ روز پہلی بار ایک لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔

دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے 5 اضلاع میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح صفر، دیر اپر میں 16 ، مالاکنڈ میں 13، بنوں میں 15، شانگلہ میں 17 اور پشاور میں 14 فیصد ہے۔ خیبر پختونخوا میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 11 فیصد ہے۔

محکمہ صحت کی روزانہ کی بنیاد پر کورونا کیسز سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ روز کورونا کے باعث 5 افراد کا انتقال ہوا، اس اضافے سے اسلام آباد میں کورونا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 675 ہو گئی ہے۔

اسلام آباد میں اس وقت کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار 991 جبکہ صحتیاب ہونیوالے افراد کی تعداد 61 ہزار 138 ہے۔ شہر اقتدار میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 73 ہزار 804 ہے اور مثبت کیسز کی شرح 8.57 فیصد ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں کورونا کے 3 ہزار 812 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 327 مثبت کیس رپورٹ ہوئے۔