حکومت نے ملک کے بیشتر شہروں میں لاک ڈاؤن کی تیاریاں کرلیں

حکومت نے لاک ڈاؤن کی تیاریاں کرلیں، شہروں کی لسٹ جاری

لاہور: نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس سے شدید متاثر شہروں کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کرنے کا پلان مرتب کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں لسٹ جاری کرتے ہوئے انتظامیہ کو اپنی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

اس سلسلے میں نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے متعلقہ وزارتوں اور انتظامیہ کو خط لکھا گیا ہے جس میں انھیں بتایا گیا ہے کہ آئندہ ماہ نئی کے شروع ہوتے ہی ملک کے مختلف حصوں میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جائے گا۔

این سی او سی کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ مخصوص شہروں میں یہ لاک ڈاؤن آئندہ ماہ کی 2 یا 3 تاریخ سے نافذ العمل ہوگا۔

اس خط کے مطابق صوابی، چارسدہ، سوات، مالاکانڈ، نوشہرہ، مردان، لوئر دیر، حیدر آباد، بہاولپور، گوجرانوالہ،  فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی، لاہور اور اسلام آباد کو کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤ کر دیا جائے گا۔

نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کے خط میں انتظامیہ اور حکام سے کہا گیا ہے کہ باغ، پونچھ، سدھنوتی اور مظفر آباد میں کورونا کی صورتحال دیکھتے وہاں بھی لاک ڈاؤن لگانے پر بات چیت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس بے قابو ہو چکا ہے۔ ایک ہی دن میں 201 مریضوں کے انتقال نے پورے ملک میں خوف وہراس پھیلا دیا ہے۔ اموات میں حالیہ اضافے سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 530 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 49 ہزار 101 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 5 ہزار 292 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10.77 فیصد رہی۔

گزشتہ سال 26 فروری 2020ء کو پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا، تب سے لے کر اب تک کسی دن اتنی زیادہ اموات رپورٹ نہیں ہوئیں جتنی آج ہوئی ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے جاری ڈیٹا کے مطابق پاکستان میں اس وقت کورونا کے فعال کیسوں کی تعداد 88207 ہے جبکہ 704494 افراد اس وبائی مرض سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ پنجاب ہے جہاں اب تک 8224 شہری اس وبا میں مبتلا ہو کر موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق صوبہ سندھ میں 4624، خیبر پختونخوا میں 3201، اسلام آباد میں 675، گلگت بلتستان میں 105، بلوچستان میں 233 اور آزاد کشمیر میں 468 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔

اسلام آباد میں کورونا کیسوں کی تعداد 74131، خیبر پختونخوا 115596، پنجاب 296144، سندھ 280356، بلوچستان 21945، آزاد کشمیر 16779 اور گلگت بلتستان میں 5280 شہریوں میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں کہ عوام کو اس عالمی وبا سے محفوظ رکھا جائے، اس سلسلے میں ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے۔

ادھر کورونا وائرس کی وجہ سے لاہور کے حالات دن بدن خراب ہوتے ہوتے جا رہے ہیں۔ عوام کی بے احتیاطی نے شہر کی فضا کو زہر آلود کر دیا ہے۔