اب تک ویکسین کی 20 لاکھ ڈوز لگائی جا چکی ہیں: ڈاکٹر فیصل سلطان

اب تک ویکسین کی 20 لاکھ ڈوز لگائی جا چکی ہیں: ڈاکٹر فیصل سلطان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ اب تک ویکسین کی 20 لاکھ ڈوز لگائی جا چکی ہیں جبکہ 78 فیصد ویکسین پاکستان کی طرف سے خریدی گئی ہے ۔

اپنے بیان میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں جنوری میں ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں آئیں جبکہ فروری میں پاکستان میں ویکسین کی 7 لاکھ خوراکیں آئیں ۔ مارچ میں ویکسین کی 10 لاکھ 60 ہزار خوراکیں پاکستان آئیں ۔ اپریل میں ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں پاکستان آئیں ۔

معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ مئی میں ویکسین کی 67 لاکھ خوراکیں پاکستان آنے کی توقع ہے ۔ جون میں ویکسین کی 63 لاکھ خوراکیں پاکستان آئے گی ، جون تک ویکسین کی 1 کروڑ 87 لاکھ خوراکیں پاکستان میں موجود ہوں گی ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس بے قابو ہو گیا ، ایک دن میں سب سے زیادہ 201 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 530 ہو گئی ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ، 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 49 ہزار 101 ٹیسٹ کئے گئے ، جن میں سے 5 ہزار 292 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ، 24 گھنٹے کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10.77 فیصد رہی ۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد چودہ کروڑ ، ترانوے لاکھ ، اٹھائیس ہزار سے زائد ہوگئی ہے ۔ وائرس سے اکتیس لاکھ اڑتالیس ہزار سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔