آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ڈیزل بحران پر شدید تشویش کا اظہار 

 آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ڈیزل بحران پر شدید تشویش کا اظہار 

راولپنڈی: آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ڈیزل بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نجی آئل کمپنیوں کو اس کا ذمہ دار قرار دیا ہے، کہا کہ  اگر حکومت قیمت بڑھاتی ہے تو ڈیزل کا بحران فوری طور پر ختم ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان علی بٹ اور دیگر نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران حکومت پر زور دیا کہ اگر 21 دن کا سٹاک ہے تو فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک کسی بھی او ایم سی ڈپو کا معائنہ نہیں کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت قیمت بڑھاتی ہے تو ڈیزل کا بحران فوری طور پر ختم ہو جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ مسئلہ فوری حل نہ کیا گیا تو پمپ مالکان دو دن بعد ہڑتال پر جانے پر مجبور ہوں گے کیونکہ ڈیزل کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

ایسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب کے بڑے اضلاع بشمول جڑواں شہروں، چکوال، کلرسیداں، چک بیلی خان اور دیگر علاقوں میں ڈیزل دستیاب نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج کل گندم کا سیزن ہے اور دو گھنٹے میں 10 ہزار  لیٹر ڈیزل فروخت ہو جاتا ہے جبکہ پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی ( پی ایس او) کے علاوہ ڈیزل ذخیرہ کرنے کی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ جاننے کے باوجود کہ پرائیویٹ کمپنیاں پیٹرولیم مصنوعات فراہم نہیں کررہی ہیں، انتظامیہ پیٹرولیم ڈیلرز پر ڈیزل فروخت کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔

مصنف کے بارے میں