جتنا نقصان جنرل باجوہ نے پاکستان کو پہنچایا اتنا کسی دشمن نے بھی نہیں پہنچایا: عمران خان 

جتنا نقصان جنرل باجوہ نے پاکستان کو پہنچایا اتنا کسی دشمن نے بھی نہیں پہنچایا: عمران خان 
سورس: Twitter

لاہور: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے تجویز دی ہے کہ نواز شریف کو وطن واپس بلا کر پھر ہم دونوں کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ الیکشن تک ہم دونوں میں سے کوئی بھی باہر نہ جا سکے۔

زمان پارک میں پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چیف جسٹس دباؤ کے باوجود آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، اگر حکومت نے عدالت عظمیٰ کے حکم اور آئین کی خلاف ورزی کی تو قوم کھڑی ہو جائے گی، ہم پرامن احتجاج کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں کا حق ہے کہ وہ ووٹ سے کسی کو بھی حکومت دیں، یہ لوگ اپنے ذاتی مفاد کیلیے الیکشن نہیں ہونے دے رہے، یہ لوگ اپنا این آر او بچانے کیلیے الیکشن نہیں کرانا چاہتے، لیکن پوری قوم سپریم کورٹ اور چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے ساتھ ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ مجھے قتل کرانے کی کوشش کی گئی جس میں 7 سے 8 لوگ ملوث ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جنہیں ملک میں مہنگائی سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ان کا سب کچھ پاکستان سے باہر ہے، یہ صرف لوٹ مار کیلیے پاکستان آتے ہیں اور پھر بھاگ جاتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’طاقتور حلقوں کو ملک کا حال نظر نہیں آ رہا؟ چوروں کو اوپر بیٹھا دیا جاتا ہے اور سوچتے ہیں کہ ملک ترقی کرے گا۔ جتنا نقصان جنرل باجوہ نے پاکستان کو پہنچایا اتنا کسی دشمن نے بھی نہیں پہنچایا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم والے کہہ رہے ہیں کہ بجٹ سے پہلے اسمبلی تحلیل نہیں کر سکتے، میں پوچھتا ہوں کہ بجٹ میں کیا کرنا ہے؟ یہ چاہتے ہیں پہلے لندن پلان پر عمل درآمد ہو جائے اور نوازشریف واپس آئیں۔ 

مصنف کے بارے میں